عمران خان کی پوسٹل بیلٹ کیلئے درخواست، جیل ذرائع نے تصدیق کر دی

راولپنڈی(پی این آئی)اڈیالہ جیل میں قید بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست دے دی ہے۔

جیل ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری پرویز الہٰی اور شاہ محمود قریشی نے بھی پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست دی ہے۔ان کے علاوہ 18 قیدیوں نے بھی پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست جمع کرائی ہے۔ذرائع کے مطابق ووٹ کاسٹ کرنےکے لیے تاحال پوسٹل بیلٹ پیپر قیدیوں کو موصول نہیں ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ پوسٹل بیلٹ ایک ایسی سہولت ہے جس کی مدد سے پولنگ اسٹیشن جائے بغیر ووٹر اپنے حلقے میں ووٹ ڈال سکتے ہیں، لیکن پاکستان میں یہ سہولت مخصوص لوگ ہی استعمال کرسکتے ہیں۔وفاقی و صوبائی سرکاری ملازمین اور ملک بھر کے قیدی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرسکتے ہیں۔پوسٹل بیلٹ پیپر کے حصول کے لیے ووٹرکو درخواست ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ان کو بھجوانی ہوتی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے ملازمین اور پولنگ کا عملہ بھی پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرسکتا ہے، جیل کے قیدی اور زیر حراست ملزمان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ہی ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔اس کے علاوہ معذوری والا شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے لیے بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت میسر ہے۔مسلح افواج کے اہلکار اور ان کے اہل خانہ کو بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close