میرے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا تو۔۔؟ خبردار کر دیا گیا

لاڑکانہ( پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر میرے ووٹ پر ڈاکا ڈالا گیا اور چھیڑ چھاڑ ہوئی توپھر ان کا ایسے پیچھا کروں گا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو بھول جائیں گے۔

لاڑکانہ میں انتخابی جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ انتخابی مہم میں پورے ملک کا دورہ کیا، ملک بھرمیں مہم چلانے کے بعد آج اپنے گھرواپس آیا ہوں، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہےتوپاکستان میں ترقی ہوتی ہے، جب لاڑکانہ وزیراعظم بناتا ہے توپاکستان پوری مسلم امہ کی قیادت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ساتھ وفاداری نبھانے پرلاڑکانہ کے عوام کا شکرگزارہوں، لاڑکانہ کے عوام نےجس طرح میرے خاندان، پارٹی کاساتھ نبھایا، پوری دنیا میں تاریخ رقم کردی، بڑے عرصے سے ملک نے لاڑکانہ کا وزیراعظم نہیں دیکھا۔

ان کا کہنا تھاکہ پرانے سیاستدان آج تک سیاست میں ہیں، پرانے سیاستدان نفرت اورتقسیم کے علاوہ کچھ نہیں دیتے، ان لوگوں نے سیاست کو سیاست نہیں بلکہ گالی بنادیا ہے، پورا ملک مایوس ہے کہ کیا یہ ہماری قسمت میں ہے کہ ان کی شکلیں دیکھنی ہیں، پرانے سیاست دانوں کی ضد اورانا کی وجہ سے معیشت کونقصان ہوا ہے، ان لوگوں نے اپنی ضد کی وجہ سے معیشت، ملک اورجمہوریت کونقصان پہنچایا ہے۔