راولپنڈی (پی این آئی) استحکامِ پاکستان پارٹی کے رہنماء فیاض الحسن چوہان نے آصف علی زرداری کے وزیراعظم بننے کی پیشگوئی کردی۔
سابق صوبائی وزیر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اپوزیشن لیڈر تو ہوسکتے ہیں لیکن وزیراعظم نہیں، اس لیے وزیراعظم بلاول نہیں بلکہ آصف علی زرداری بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پی تقریباً آٹھ کے قریب قومی اسمبلی کی نشستیں جیتے گی، آزاد امیدواروں کی کثیر تعداد الیکشن کے بعد آئی پی پی میں شمولیت اختیار کرے گی، ہمارا 20 سے زائد افراد پر مشتمل پارلیمانی گروپ قومی اسمبلی میں ہوگا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ہمارا اتحاد مسلم لیگ ن کے ساتھ ہوگا، ن لیگ، آئی پی پی، آزاد امیدوار اور ایم کیو ایم کو وفاق کا حصہ بنائے گی، پنجاب اسمبلی میں 60 فیصد کے قریب آزاد امیدوار مل کر صوبائی حکومت بنائیں گے۔
دوسری طرف چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ اس وقت وزیراعظم کےعہدے کیلئے نا صرف تیار ہوں بلکہ بہترین انتخاب بھی ہوں، صدر مملکت کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار آصف علی زرداری ہوں گے، پی ڈی ایم کے ساتھ دوبارہ وزیرخارجہ بننا نا ممکن ہے تاہم پرانی روایتیں توڑنے پر ان کا ساتھ دے سکتا ہوں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاروں صوبوں میں انتخابی مہم چلا رہی ہے، ہم نے سب سے پہلے انتخابی مہم کا آغاز کیا، سب سے پہلے منشور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ ایک ہی قسم کی سیاست کررہی ہیں، دونوں سےاتحاد گڑھے اور کھائی جیسا ہے، ترجیح تو یہی ہوگی پیپلزپارٹی اپنی حکومت بنائے، میاں صاحب چارٹرآف ڈیموکریسی والے روپ میں ہیں نہ ہی ووٹ کوعزت دو والے، وہ وہی پرانے آئی جی آئی والے میاں صاحب کے روپ میں ہیں، اس لیے نوازشریف کا ساتھ دینا میرے لئے مشکل ہے اور ان کی سیاست پر تنقید جائز ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں