نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے بےزمین کاشتکاروں کو ہزاروں ایکڑ اراضی الاٹ کردی

لاہور(پی این آئی) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے چولستانی بےزمین کاشتکاروں کو ہزاروں ایکڑ اراضی الاٹ کردی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب چولستان کے پورے علاقے میں کاشتکاری ہوگی اور ویران زمین سرسبز و شاداب ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چولستان کے بے زمین کاشتکاروں کی آواز بن گئے، 45 سال بعد چولستانی کاشتکاروں کو اراضی الاٹ کردی گئی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے بہاولپور میں 26 ہزار بے زمین کاشتکاروں کوفی کس ساڑھے 12ایکڑ اراضی کے الاٹمنٹ لیٹر دئیے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو زمین ملنے سے چولستان کاغریب خوشحال ہوگا۔ کاشتکاروں کو ساڑھے 12ایکڑ فی کس اراضی 5 سال کی لیز پر دی گئی۔ 45 برس بعد جنوبی پنجاب کے 3 اضلاع رحیم یار خان، بہاولنگر اور بہاولپور کے غریب کاشتکار وں کو ان کاحق دیا ہے۔ آج کا دن بہاولپور ڈویژن کیلئے بہت اہم دن ہے۔ آج کا دن چولستان کے باسیوں کیلئے یاد گا ردن ہے۔ بہاولپور، رحیم یارخان او ربہاولنگر کے بے زمین کاشتکاروں کو الاٹمنٹ کی مبارکباد دیتا ہوں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ 1978 سے چولستان کے لوگوں کیلئے اراضی کی الاٹمنٹ کا عمل زیرالتواء تھا۔ انشاء اللہ اب چولستان کے پورے علاقے میں کاشتکاری ہوگی، ویران زمین سرسبز و شاداب ہوگی، نہری پانی بھی میسر ہوگا۔ کاشتکار اس زمین کو اگلی فصل میں کاشت کریں گے۔

انسپکٹرجنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، سیکرٹری صحت، کمشنر بہاولپور، ڈپٹی کمشنر بہاولپور، آر پی او بہاولپور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مزید برآں 45 روز میں 2 سال والا منصوبہ مکمل ہوگیا، فیصل آباد کے لئے سیف سٹی پراجیکٹ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے فیصل آباد سیف سٹی پراجیکٹ کا افتتاح کردیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب پولیس اینٹی گریٹڈ کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سنٹر میں ڈیجیٹل وال پرسی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کی سکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close