اسلام آباد(پی این آئی) ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مرکزی کنٹرول روم الیکشن کمیشن آف پاکستان ہارون شنواری کا کہنا ہے شکایت درج کروانے کے لیے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں، ضابطہ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی پر امیدوار کو نااہل بھی کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ انتخابات کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، سٹیٹ اف آرٹ سسٹم میں مانیٹرنگ کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں ،شکایت درج کروانے کے لیے پہلی مرتبہ واٹس ایپ استعمال کر رہے ہیں۔ ای میل اور یونیورسل فون نمبر پر ملک بھر سے شکایات درج کروائی جا سکتی ہیں۔صوبائی سطح پر چار کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں ،32 ریجنل مانیٹرنگ کنٹرول رومز الیکشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ 144 ضلعی مانیٹرنگ ٹیمیں شکایت کے ازالے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں۔ہارون شنواری نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، خیبر پختون خواہ میں واقعات پر آئی جیز اور چیف سیکرٹریز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا 8 فروری کو پوری قوم کی نظر الیکشن کمیشن پر ہوں گی، ضلعی صوبائی اور مرکزی سطح پر انتخابات کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔دوسری جانب عام انتخابات کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کے لیے انتخابی مہم چلانے کا آخری روز چھ فروری مقرر کر دیا گیا۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں تمام سیاسی جماعتوں کو مطلع کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ الیکشنز ایکٹ 2017 کی سیکشن 182 کے تحت چھ فروری 2024 اور سات فروری 2024 کی درمیان شب 12 بجے تک انتخابی مہم چلائی جا سکے گی۔ پریس ریلیز کے مطابق مقرر کردہ وقت کے بعد کوئی بھی شخص کسی بھی جلسے جلوس، کارنر میٹنگ یا اس نوعیت کی سیاسی سرگرمی کا نہ تو انعقاد کرے گا نہ ہی اس میں شرکت کرے گا۔ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کوئی بھی شخص جو قانون کی مذکورہ بالا شق کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں