لاہور(پی این آئی)عام انتخابات، پولیس کو ہدایت جاری کر دی گئی۔۔۔۔۔۔۔۔ صوبہ پنجاب میں انتخابی مہم کے دوران اور پولنگ ڈے پر پولیس کو کسی بھی غیرقانونی حرکت پر فوری کارروائی کی ہدایت دے دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پرانی دشمنی والے حساس حلقوں کے افراد سے شیورٹی بانڈز لیے جائیں گے، حساس علاقوں کے پولنگ سٹیشنوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی، انتخابی عمل اور پولنگ ڈے پر امن و امان ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، فائرنگ اور اسلحے کی نمائش پر ایکشن ہو گا، غفلت پر محکمانہ کارروائی ہوگی۔اپنے ایک بیان مین انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ الیکشن کے پرُامن انعقاد کے لیے پنجاب پولیس تیار ہے، انتخابی عمل میں گڑ بڑ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی،
قانون ہاتھ میں لینے یا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر آہنی ہاتھ سے نمٹیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کے دوران انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی قطعی اجازت نہیں ہے، پنجاب پولیس نے انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے نصب کر دیئے ہیں، قومی اداروں کے ساتھ مل کر الیکشن کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھیں گے، فری اینڈ فیئر الیکشن کے بعد ایک منتخب جمہوری حکومت ملک کو آگے لے کر چلے گی۔بتایا جارہا ہے کہ عام انتخابات 2024 کے پر امن انعقاد کے لیے ڈرون کیمروں سےعام انتخابات کی کوریج پر پابندی لگانے پر غور کیا جا رہا ہے، محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے ڈرون کیمروں پر پابندی لگانے پر غور جاری ہے، پنجاب بھر میں انتخابات کی کوریج ڈرون کیمروں سے نہ کرنے کا فیصلہ وزیر اعلی پنجاب کریں گے، وزیر اعلی پنجاب کے حتمی فیصلے سےڈرون کیمروں پر پابندی لگائی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبائی سیکرٹری داخلہ وزیر اعلی پنجاب کے احکامات کے منتظر ہیں، پابندی کا اطلاق ٹی وی چینلز، سیاسی پارٹی اور پرائیویٹ پروڈکشن سمیت تمام ڈرون کیمروں پر ہوگا، ڈرون کیمروں پر پابندی کسی بھی ناخوشگوار واقع سے بچنے کے لیے لگائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں