ن لیگ پر ووٹ خریدنے کا الزام

لاہور (پی این آئی) ن لیگ کے رہنما عطا اللّٰہ تارڑ نے بلاول بھٹو کو چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ثابت کر دیں کہ ووٹ خریدنے والے مسلم لیگ ن کے لوگ تھے، میں سیاست سے دستبردار ہوجاؤں گا۔۔۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ بلاول صاحب آپ باپ کے لاڈلے ہیں، ہم عوام کے لاڈلے ہیں، آپ الیکشن ہار چکے ہیں، ہم گھر گھر جا کر مہم کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی فیلڈ میں نظر نہیں آرہی۔۔۔عطا تارڑ نے کہا کہ ضد بازی میں بلاول بھٹو زرداری کو لاہور سے الیکشن لڑوانے کے لیے کھڑا کیا گیا، ان کی کوئی تیاری نہیں تھی، ان کے حلقے میں ووٹرز بھی نہیں تھے، پیسے دے کر ووٹ خریدے جا رہے تھے، مقدس کتاب پر ہاتھ رکھ کر حلف لیے جا رہے تھے۔۔۔عطا اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ میں میڈیا کے کیمرے لے کر اس جگہ پر گیا تھا، جہاں لوگ جا رہے تھے ہم بھی وہاں چلے گئے، وہاں دیکھا کہ لوگوں کی لمبی قطاریں لگی تھیں، لوگوں سے ان کے ایمان خرید کر ووٹوں کی خریداری کی جا رہی تھی۔۔۔ انہوںنے کہا کہ ہم کوئی اکیلے تو وہاں نہیں گئے تھے، لوگ جا رہے تھے ہم بھی چلے گئے، وہاں ہم نے دیکھا کہ نوٹوں کی مشین پڑی تھی، نوٹ پڑے تھے۔۔۔عطا تارڑ کا کہنا تھاکہ ووٹ بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے، فروخت ہونے والا ووٹ کاسٹ نہیں ہوگا، خرید و فروخت کا سلسلہ بہت افسوسناک ہے، ہم یہ نہیں ہونے دیں گے، فیروزپور روڈ بند کر کے ووٹوں کی خرید و فروخت کا کاروبار ہو رہا تھا۔۔۔عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے کے لیے محنت اور تگ و دو درکار ہے، ہمیں خبریں آنا شروع ہوئیں کہ ووٹ خریدے جارہے ہیں، ہم نے صبر و تحمل سےکام لیا کہ حالات خراب نہ ہو جائیں، ہم نے سب سے پہلے انتظامیہ سے رابطہ کیا اور صورتحال سے آگاہ کیا، الیکشن کمیشن نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے، ہم نے وہاں درخواست جمع کرائی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close