مری جانےسے پہلے یہ خبر پڑھ لیں، سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری

مری (پی این آئی) مری میں برفباری کے نئے سلسلے کا آغاز، سیاحوں کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی گئی، مری میں صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو داخلے کی اجازت دینے کا فیصلہ، دوران ڈرائیونگ گاڑی کے شیشے مکمل بند نہ کرنے کی ہدایت۔

 

 

تفصیلات کے مطابق مری میں بارش اور برفباری کا ایک اور سلسلہ شروع ہوگیا۔ سیاحتی مقام مری میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور ویک اینڈ پر سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ضلعی انتظامیہ نے ایک بار پھر سیاحوں کو سترا میل پوائنٹ پر روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔مری میں سیاحوں کا داخلہ بند کرنے کا فیصلہ رش بڑھنے کے باعث کیا گیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اگر رش کم ہوا تو مزید سیاحوں کو مری میں داخل ہونے دیا جائے گا۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور برف باری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔مزید بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تمام محکمے پہلے سے الرٹ ہیں۔

 

 

مقامی آبادی اور سیاحوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پیشگی انتظامات کیے ہیں۔ڈی سی مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہاکہ اس وقت تمام راستے اور شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ کسی قسم کی کوئی رکاوٹ نہیں۔سیاح ٹریفک مینجمنٹ پلان پر عملدرآمد کے لیے ٹریفک پولیس اور انتظامیہ کا ساتھ دیں۔سیاح ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری ایڈوائزری پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔کنٹرول روم سے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام شاہراہوں کی نگرانی کا عمل جاری ہے۔کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تمام ہیلپ لائینز اور رابطہ نمبرز پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔سہولت مراکز کے ذریعے سیاحوں کی مدد اور رہنمائی کا کام جاری ہے۔ مری میں برفباری سے سیاحوں کی تعداد میں اضافے کے بعد سیاحوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کر دی گئی ہے۔خصوصی ایڈوائزری سے متعلق چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) تیمور خان کا کہنا ہے کہ مری آنے والے سیاحوں کو انٹری پوائنٹس پر آگاہی پمفلٹ دیے جا رہے ہیں، ممکنہ برف باری پر سیاح اچھی اور مکمل فٹ گاڑی کا انتخاب کریں۔

 

 

سی ٹی او کے مطابق مری میں صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیورز کو داخلےکی اجازت ہے، مری جانے والے سیاح گاڑی میں اینٹی کولنگ لیکوئڈاستعمال کریں اور برفباری کے دوران گاڑی کے ٹائروں پر چین لگائیں، سیاح اضافی گرم کپڑے بھی ساتھ لائیں اور دوران ڈرائیونگ گاڑی کے شیشے مکمل بندنہ کریں کیونکہ اس سےجان لیواکاربن مونو آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے۔ تیمور خان نے کہا کہ مری جانے والے سیاح گاڑیاں غلط پارک نہ کریں کیونکہ شہر میں محدود گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش موجود ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں