کراچی(پی این آئی)عام انتخابات، حالات مزید نہ بگڑ جائیں، بڑے خدشے کا اظہار۔۔۔۔۔۔۔پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے کراچی کا ماضی بہت ہی خوفناک ہے، مجھے خدشہ ہے کہ 8 فروری کو حالات مزید نہ بگڑ جائیں۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی کا کہنا تھا ناظم آباد فائرنگ کے واقعے میں ہمارے تین کارکن زخمی ہوئے اور گاڑیاں جلیں، اس واقعے کے بعد بھی ہم نے عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا، اگر اس وقت تحقیقات ہو جاتیں تو ایسا واقعہ پیش نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ اس پورے معاملے میں بھی پولیس کا کردار مشکوک ہے، ایم کیو ایم کا مقدمہ درج ہوتا ہے مگر ہمارا مقدمہ درج نہیں ہوتا، اس سے پہلے بھی جو چھوٹے چھوٹے واقعات ہوئے ان پر کارروائی نہیں ہوئی، میں نے کہا تھا اگر ان چھوٹے واقعات کو نہ روکا تو کوئی بڑا واقعہ ہو سکتا ہے۔رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم کراچی سے صوبائی اور قومی اسمبلی کی بڑی تعداد میں سیٹیں جیت سکتے ہیں، کراچی کا ماضی بہت ہی خوفناک ہے، مجھے خدشہ ہے کہ 8 فروری کو حالات مزید نہ بگڑ جائیں، الیکشن چند روز بعد ہے ڈر ہے 8 فروری کو فسادات زیادہ نہ بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کورنگی میں پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور الیکشن کمیشن معاملے کی تحقیقات کرائیں، شہر کا امن و امان خراب کرنے کا حق نہ مجھے ہے اور نہ کسی اور کو ہونا چاہیے،
کراچی میں امن و امان کی بحالی کیلئے اقدامات کیے جائیں۔سعید غنی کا کہنا تھا اپنے امیدواروں اور سپورٹرز کو کہہ رہے ہیں کہ لڑائی جھگڑا نہ کریں، برداشت کریں، ہم چاہتے ہیں انتخابات پُرامن ہوں، تمام امیدواروں کو پُرامن انتخابی مہم چلانے کا کہا ہے۔ان کا کہنا تھا بڑی مشکلوں سے شہر کا امن بحال ہوا اور لوگ کھل کر مہم چلا رہے ہیں، کھلم کھلا شہریوں کو دوبارہ ہراساں کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، نگراں حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سےایکشن کا مطالبہ کرتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں