آزاد اُمیدوار اپنا وزیراعظم بنا سکتے ہیں یا نہیں؟ چیف الیکشن کمشنر کا اہم بیان آگیا

اسلام آباد( پی این آئی) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے آزاد امیدوار اکثریت میں زیادہ ہوں تو وزیراعظم بھی بنا سکتے ہیں۔

 

 

انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آزاد امیدوار 3 دن کے اندر پارٹی جوائن کرنے کے پابند ہیں اور اگر وہ مقرر وقت میں پارٹی جوائن نہیں کرتے تو آزاد ارکان رہیں گے۔انہوں نے پولنگ کے روز انٹرنیٹ کی بندش کا امکان مسترد کردیا۔ الیکشن کمیشن میں عام انتخابات کے حوالے سے ہونے والے اہم اجلاس کے بعد چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو میں مزید کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن وامان کی صورتحال سے نمٹا جارہا ہے، الیکشن 8 فروری کو پورے ملک میں ہوگا اس میں کوئی ابہام نہ رہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سکیورٹی صورتحال کو بہتر بنایا جارہا ہے، پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بات زیر غور نہیں، انٹرنیٹ سروس کا معاملہ سامنے آیا تو ہمارا ای ایم ایس آف لائن کام کرے گا۔گذشتہ روز خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور اس کے عام انتخابات پر اثرات پر غور وخوض کے لیے الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس ہوا۔

 

 

 

جس میں انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی، سیکیورٹی کے چیلنجز اور انتخابی عمل کو متاثر کرنے والے واقعات کے باوجود الیکشن کا عمل نہیں رکے گا، الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے اور اس حوالے سے کسی کو وہم یا گمان ہونا چاہیے۔ سکندر سلطان راجہ نے دہشت گردی کا انتخابی عمل کا سب سے بڑا دشمن قرار دیا تاہم انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر ضروری انتظامی و حفاظتی انتظامات لیے جائیں گے اور سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز کو بلاخوف خطر اپنی انتخابی مہم چلانے اورشہریوں کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں