عام انتخابات2024، الیکشن میں حصہ لینے والے کتنے اُمیدوارانتخابات سے قبل ہی انتقال کر گئے؟ تفصیلات آگئیں

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان میں عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے 88 امیدوار پولنگ ڈے سے قبل انتقال کر گئے ہیں۔

 

سعودی ویب سائٹ اردو نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ انتقال کرنے والوں میں قومی اسمبلی کے 9 اور صوبائی اسمبلیوں کے 79 امیدوار شامل ہیں۔قومی اسمبلی اور خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑنے والے ایک آزاد امیدوار ریحان زیب دہشتگردی کا شکار ہوئے۔این اے 8 باجوڑ اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ 22 سے آزاد امیدوار کے قتل کے سبب انتخابات ملتوی کر دیے گئے۔خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ 91 کوہاٹ سے انتخابی امیدوار عصمت اللہ کا 30 جنوری کو انتقال ہوا۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے 8 اور صوبائی اسمبلیوں کے 78 امیدوار حتمی فہرستوں کے اجرا سے قبل وفات پا گئے تھے۔

 

 

حتمی فہرستوں کے اجرا سے قبل انتقال کے سبب 86 حلقوں میں انتخابات ملتوی نہیں کیے گئے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ڈی جی پولیٹیکل فنانس نے بیلیٹ پیپرز کی طباعت پر بریفنگ میں بتایا کہ تمام حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کر لی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپر اور پرنٹنگ حساس معاملہ ہے، ہم نے ووٹر کا حق ان تک پہنچانا ہے، 14 جنوری سے لے کر آج تک بیلیٹ پیپرز کی چھپائی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ 26 کروڑ بیلٹ پیپر چھاپے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے لیے سبز اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے سفید رنگ کے بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔ڈی جی نے بتایا کہ تین پرنٹنگ پریس میں چھپائی کی گئی اور پرنٹنگ پریس میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کے ساتھ اس مرتبہ فارم 45 بھی پرنٹ کر کے بھیجا جا رہا ہے۔

 

 

 

بلوچستان کے حلقوں کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔ سیکورٹی خدشات اور سخت موسم والے علاقوں میں فضائی راستے سے ترسیل کی جا رہی ہے۔31 اضلاع کے علاوہ تمام اضلاع کے بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔ جبکہ سپریم کورٹ کے حکم پر 16 حلقوں کے بیلٹ پیپرز دوبارہ چھاپے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں