راولپنڈی(پی این آئی)عدت میں نکاح کیس، آئی پی پی رہنما پھٹ پڑے ۔۔۔۔۔۔۔ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے رہنما اور عمران خان و بشریٰ بی بی کے خلاف عدت میں نکاح کے گواہ عون چوہدری کا کہنا ہے کیا لیڈر ایسے ہوتے ہیں، ملک کیساتھ مذاق کیا گیا، خوابوں پر ملک کے فیصلے ہوتے تھے۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون چوہدری کا کہنا تھا عدت میں نکاح سے متعلق کیس میں جج کے سامنے جو بیان دیا وہ بالکل سچ پر مبنی ہے، میں اس نکاح کا گواہ تھا، یہ نکاح عدت کے دوران ہوا اور یہ ثابت ہوا کہ عدت پوری نہیں ہوئی تھی۔
عون چوہدری کا کہنا تھا جج کے سامنے مفتی سعید نے اقرار کیا کہ ان کے علم میں عدت کا معاملہ نہیں لایا گیا، خود کو پارٹی کا لیڈر کہلاتے ہیں اور اپنی زندگی کے فیصلے جھوٹ پر کرتے ہیں، لوگوں کو درس دیتے ہیں اور نوجوانوں کو گمراہ کرتے ہیں، بچوں کو کیا سبق مل رہا ہے، جھوٹ پر مبنی نکاح پر خود کو اتنا بڑا لیڈر سمجھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا جن محترمہ سے نکاح ہوا وہ خود کو مذہب کے لبادے میں اوڑھے بیٹھی ہیں، مذہب کے لبادے میں ملک کے وزیراعظم سے بڑے بڑے فیصلے کرائے گئے، ملک کے ساتھ مذاق کیا گیا، خوابوں پر ملک کے فیصلے ہوتے تھے، خواب کے پیچھے درحقیقت فراڈیوں کا جوڑا فرح گوگی اور جمیل گجر تھے، خواب کی تعبیر یہ ہوتی تھی کہ کسی کو وزیر لگا دیں، بڑے بڑے عہدوں پر فائز ہو جائیں۔رہنما آئی پی پی کا کہنا تھا یہ تھا پاکستان کے ساتھ گھناؤنا مذاق جو آج پورا ملک بھگت رہا ہے،
خواب کے پیچھے ملک کے بڑے بڑے فیصلے کیے گئے۔انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے وزیراعظم ہوتے ہوئے توشہ خانہ میں چوری کی، شرم کی بات ہے کہ سابق وزیراعظم پر چوری ثابت ہوئی، آپ دوسروں کو چور چور کہتے رہے اور خود ہی چور نکلے، آپ کی بیگم نے قیمتی تحائف بیچے، آپ تحفے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے نہیں بیچتے، آپ نے ملک کے ساتھ وہ کیا جو شاید دشمن بھی نہ کرے۔عون چوہدری کا کہنا تھا سائفر کے معاملے پر آپ نے ملک سے مذاق کیا جس کی سزا بھگت رہے ہیں، ہمیں اپنی ذات کیلئے نوجوانوں کو بغاوت کیلئے نہیں اکسانا چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں