عمران خان اور بشریٰ بی بی کےتعلقات سے متعلق خاور مانیکا کا بڑا دعویٰ

راولپنڈی (پی این آئی)خاور مانیکا نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان پر ان کا گھر تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی سابق اہلیہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کے درمیان ناجائز تعلقات 2014 کے دھرنے کے بعد شروع ہوئے۔

اڈیالہ جیل میں جج قدرت اللہ نے عدت میں نکاح کیس کی سماعت کی اور اس دوران خاور مانیکا کا عمران خان اور بشریٰ بی بی سے جھگڑا ہوا تاہم خاورمانیکا نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے خاور مانیکا سے جرح کیا اور وہ ان سے لڑ پڑے، وکیل عثمان گل نے خاور مانیکا کو مکا مارنے کی کوشش کی اور کہا کہ میں تمھیں اٹھا کر باہر پھینک دوں گا۔بانی پی ٹی آئی نے جج قدرت اللہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں اور بشریٰ بی بی قرآن پاک پر حلف لینے کے لیے تیار ہیں اور خاور مانیکا بھی حلف لے، عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا تھا، قرآن لائیں میں اٹھانے کو تیار ہوں۔

خاور مانیکا نے عمران خان کو جواب دیا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو، خدا سے ڈرو میرا گھر برباد کیا تم نے جبکہ بانی پی ٹی آئی نے عدالت سے قرآن پاک پر حلف لینے کی ضد کی، جس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے کہا کہ حلف لینے کے بعد آپ کا حقِ جرح ختم ہو جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close