عدت میں نکاح کیس، عمران خان اور خاور مانیکا کا عدالت میں جھگڑا ہوگیا، پھر کیا ہوا؟

اسلام آباد(پی این آئی)اڈیالہ جیل میں عدت میں نکاح کیس کی سماعت کے دوران بانی پی ٹی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے سابق خاوند خاور مانیکا کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

 

 

دوران سماعت عمران خان نے جج قدرت اللہ سےکہا کہ میں اور بشریٰ بی بی قرآن پاک پر حلف لینےکو تیار ہیں، خاور مانیکا بھی حلف لے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے بشریٰ بی بی کو نکاح کے دن دیکھا، قرآن اٹھانےکو تیار ہوں۔خاور مانیکا نے بانی پی ٹی آئی کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ تم جھوٹ بول رہے ہو خدا سے ڈرو، تم نے میرا گھر بربادکیا۔عمران خان نے عدالت سے قرآن پاک پر حلف لینےکی ضدکی، جس پر عدالت نے بانی پی ٹی آئی سے کہا کہ حلف لینےکے بعد آپ کا حقِ جرح ختم ہو جائےگا۔ عدالت نے آرڈر لکھوایا کہ قرآن پاک پر حلف لینے پر ملزمان کا حق جرح ختم ہوگا۔ اس پر بانی پی ٹی آئی حلف لینے سے مکر گئے، ان کا کہنا تھا کہ ہم حلف بھی لیں گے اور جرح بھی کریں گے۔ عدالت کا کہنا تھا کہ آپ حلف نہیں لے سکتے آپ نے گواہ سے حلف لینےکی آفرکی ہے۔

 

 

 

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی خاور مانیکا کو حلف کی پیشکش کو ریکارڈکا حصہ بنا دیا۔ کیس کی سماعت کل صبح 9 بجے تک ملتوی کردی گئی۔ بانی پی ٹی آئی اوربشریٰ بی بی کےخلاف عدت میں نکاح کیس میں عدالت نے تمام چار گواہان کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔ گواہان میں مفتی سعید، عون چوہدری، خاور مانیکا اور محمد لطیف شامل ہیں، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان ریاض گل نے 2 گواہان خاور مانیکا اور عون چوہدری پر جرح مکمل کرلی، وہ کل مزید 2 گواہان محمد لطیف اور مفتی سعید پر جرح کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں