صورتحال تشویشناک ہوگئی، بڑے صوبے میں مزید 2دھماکے

کوئٹہ (پی این آئی ) بلوچستان میں مزید 2 دھماکے۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان میں آج جمعرات کے روز مختلف مقامات پر ہونے والے دھماکوں کی تعداد ہو گئی۔

 

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی شب کو پنجگور اور مستونگ میں مزید 2 دھماکے ہوئے ہیں۔ پنجگور میں ڈپٹی کمشنر دفتر کے قریب جبکہ مستونگ میں سنٹرل جیل میں دھماکہ ہوا۔ مستونگ میں نامعلوم افراد سنٹرل جیل کے اندر دستی بم پھینک کے فرار ہو گئے۔ دستی بم کے دھماکے میں مستونگ جیل کے اندر تعینات ایک پولیس اہلکار نشانہ بن گیا۔ پولیس اہلکار کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ کچھ دیر قبل ہی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر بھی دھماکہ ہوا۔ بتایا گیا کہ دھماکہ کچرے کے ڈھیر میں ہوا، جس کے نتیجے میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی شام کو کوئٹہ کی قمبرانی روڈ پر ہوئے دھماکے سے قبل صوبہ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، تربت اور جعفر آباد میں کہیں کریکر اور بعض جگہوں پر دستی بم دھماکوں کی اطلاعات ملیں۔

 

 

 

صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں اسپینی روڈ پر سڑک کنارے ہونے والے دھماکے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، تاہم اس دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں ہوسکا جب کہ بم ڈسپوزل سکواڈ و ریسکیو ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر پہنچ گئیں اور سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ بتایا گیا ہے کہ جعفر آباد میں ہوئے کریکر دھماکے سے 3 افراد زخمی ہوئے جہاں ڈیرہ اللہ یار میں ہوٹل کے قریب کریکر حملہ کیا گیا، جعفر آباد میں ملزمان کی جانب سے کریکر ٹرک کے قریب پھینکا گیا، علاوہ ازیں تربت میں ہونے والے دھماکے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، تربت میں مولاناعبدالحق چوک کے قریب دھماکہ ہوا جس میں ایک شخص زخمی ہوا۔ معلوم ہوا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔

 

 

 

اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو طلب کیا گیا ہے، انٹیلی جنس اداروں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے، اجلاس کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور الیکشن کمیشن حکام کو امن وامان سے متعلق بریفنگ بھی دی جائے گی۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز انتخابی مہم کے دوران مختلف شہروں میں دستی بم حملے اور فائرنگ میں ایک امیدوار سمیت 2 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے جہاں کوئٹہ میں سریاب روڈ پر پیپلز پارٹی کے انتخابی دفتر پر دستی بم حملہ کیا گیا جس میں 5افراد زخمی ہوئے، ایک اور واقعہ چمن میں پیش آیا وہاں میزئی اڈہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی دفتر پر مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے اے این پی رہنما ظہور احمد جاں بحق ہوگئے، اس سے پہلے سبی میں پی ٹی آئی کی ریلی میں دھماکے سے 4 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہو ئےجب کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقہ باجوڑ میں این اے 8 سے آزاد امیدوار تحریک انصاف کے نوجوان رہنماء ریحان زیب کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close