الیکشن ملتوی؟ نگران حکومت کا دبنگ اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہوں گے۔

ہر قسم کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی، کسی کے ذہن میں کوئی شکوک وشبہات نہیں ہونے چاہئیں، نگران حکومت اور الیکشن کمیشن الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ الیکشن کمیشن میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عام انتخابات ملتوی کرنے کے حوالے سے اجلاس میں کوئی تجویز زیر غور نہیں آئی، 8 فروری کو ہر صورت میں انتخابات ہوں گے، انتخابات کیلئے جتنی سکیورٹی درکار ہوگی وہ فراہم کریں گے، عام انتخابات کسی صورت ملتوی نہیں کیے جائیں گے۔گوہر اعجاز نے کہا کہ یقینی بنایا جارہا ہے کہ انتخابات کیلئے پر امن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے، حکومت انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، میں بلوچستان سے ہوکر آیا ہوں وہاں پر کسی قسم کا سیاسی تناؤ نہیں ہے۔

صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے آئی جیز اور چیف سیکریٹریز نے رپورٹس جمع کرائیں۔بتایا جارہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس ہوا، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جیز کو طلب کیا گیا، انٹیلی جنس اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی، اجلاس کے دوران بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور الیکشن کمیشن حکام کو امن وامان سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close