تین صوبائی حلقوں میں الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ، وجہ سامنے آگئی

پشاور ( پی این آئی ) صوبہ خیبرپختونخوا میں امیدواروں کے انتقال کے باعث 3 حلقوں میں الیکشن ملتوی کردیئے گئے۔

تفصیلات کے مطابق این اے 8 اور پی کے 22 باجوڑ میں آزاد امیدوار ریحان زیب خان کے قتل اور پی کے 91 کوہاٹ میں اے این پی کے عصمت اللہ خٹک کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی ہونے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر نے الیکشن منسوخ ہونے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کردیا ہے کیوں کہ الیکشن ایکٹ کی شق 73 کے تحت انتخابی نشانات جاری ہونے کے بعد امیدوار کے انتقال سے الیکشن ملتوی ہوجاتے ہیں، امیدوار کے انتقال کے باعث ریٹرننگ آفیسر نیا الیکشن شیڈول جاری کرتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پی کے 91 کوہاٹ سے عصمت اللہ خٹک سمیت 13 امیدوار حصہ لے رہے تھے اور سابق سینیٹر عباس آفریدی بھی پی کے 91 سے امیدوار ہیں۔

ضلعی صدر اے این پی نے بتایا کہ عصمت اللہ خٹک دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے، وہ پی کے 91 کوہاٹ سے اے این پی کے امید وار تھے۔ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے متحرک کارکن اور این اے 8 و پی کے 22 باجوڑ سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑنے والے ریحان زیب خان کو قتل کر دیا گیا، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے صدیق آباد کے قریب ریحان زیب خان پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں ریحان زیب خان شدید زخمی ہو گئے، ریحان زیب خان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دم توڑ گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں