مالاکنڈ (پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت میں آیا تو پہلے ہی دن تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا، اگر میں وزیراعظم بنا تو اشرافیہ کو تکلیف اور عوام کو ریلیف دوں گا، بشریٰ بی بی کے جیل جانے پر دلی افسوس ہے۔
مالا کنڈ کی تحصیل بٹ خیلہ میں پیپلزپارٹی کے جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ مالاکنڈ میں کھڑے ہو کر اپنے بھائیوں سے مخاطب ہوں، آج کل کچھ لوگ لیول پلیئنگ فیلڈ کےلئے رو رہے ہیں، پیپلزپارٹی کو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی، 2013 میں کہا گیا الیکشن مہم نہیں چلانے دیں گے، 2008 کے الیکشن میں بے نظیر بھٹو کو شہید کیا گیا، ہم نے اور آپ نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا شہادتیں قبول کیں، اب 8 فروری کو عوام کے پاس اپنا اصل نمائندہ منتخب کرنے کا موقع ہے، ہم تمام مسائل کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ سابق وزیر خارجہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نے اپنی حکومت میں بے نظیر بھٹو کے خلاف جعلی مقدمات بنائے، چوتھی بار والی سازش کو ناکام بنانا ہوگا، پی پی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے، کیا ن لیگ والے ووٹ کی عزت کررہے ہیں؟ آپ ہماری شکل پسند کریں یانہ کریں میدان میں ہم ہیں اور وہ ہیں، وقت آگیا عوام ایک نئی سوچ اور سیاست کو ووٹ دیں۔
حکومت میں آیا تو پہلے دن ہی سیاسی قیدیوں کو رہا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں پی ٹی آئی کو دہشت گردوں نے الیکشن لڑنے کا این او سی دیا، بانی پی ٹی آئی بھی نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے آرہے تھے، عمران خان نے تبدیلی کا نعرہ لگایا، نوجوانوں کو سبز باغ دکھا کر یوٹرن لے لیا، عمران خان نے نوجوانوں کوروزگار کی امید دلادی مگر وزیر اعظم بن کر نفرت کی سیاست شروع کی، جو مخالف تھے وہ چور اور جو ساتھ رہے وہ فرشتے تھے، جو دوسروں کو رلانے کے اعلانات کرتا تھا وہ آج خود رو رہا ہے، عمران خان خود چوری سے توبہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں