اسلام آباد(پی این آئی)بشریٰ بی بی کو سزا کیوں دی گئی؟ چیئرمین پی ٹی آئی کا انکشاف۔۔۔۔۔۔۔پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت نے ماضی میں ایسا فیصلہ کبھی نہیں دیا، یہ ظلم ہوا ہے، ایک لیڈر کو خوش کرنے کے لیے سزائیں دی جا رہی ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کے لیے بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی ہے۔آج احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 14، 14 سال قیدِ بامشقت کی سزا سنائے جانے پر بیرسٹر گوہر نے جاری بیان کے ذریعے اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وکیل کے ہوتے ہوئے جرح کی اجازت نہیں دی گئی،
342 کے بیان میں کہا کہ ہم گواہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے، بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ کیس سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے ذاتی طور پر کوئی گفٹ نہیں لیا، بانیٔ پی ٹی آئی پر دباؤ ڈالنے کے لیے بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حقِ دفاع بھی ختم کیا گیا، امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ سے انصاف ملے گا، پی ٹی آئی کے لوگ پُرامن رہیں، حوصلہ رکھیں، یہ سزا ختم ہو جائے گی، انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ فیصلے نہیں رہیں گے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کوشش کی گئی کہ ووٹرز اور سپورٹرز مایوس ہوں مگر ایسا نہیں ہو گا، ہر ناانصافی کا فیصلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں