راولپنڈی(پی این آئی)بانی پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ میرے کیسز بہت تیزی سے چلائے جارہے ہیں جس سے لگتا ہے کہ میچ فکس ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر مذکرات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیبشلمنٹ ہم سے بات کرنے کو تیار نہیں اور ہمارے اوپر ریڈ لائن ڈال دی گئی ہے۔ہماری پارٹی کو الیکشن مہم سے روکا جارہا ہے جبکہ امیدواروں اور کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے،چیف جسٹس کو اس بات کو سو موٹو ایکشن لینا چاہیے کیونکہ آئین کے آرٹیکل پندرہ، سولہ اور سترہ کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہورہی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تمام پابندیوں کے باوجود ہمارے کارکن ملک بھر میں نکلے جس پر میں انہیں مبارکباد اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔بانی پی ٹی آئی نے ایک سوال کے جواب میں کہا وہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن اسٹیبلشمنٹ تیار نہیں۔ انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو ویگو ڈالا بھی نہیں جتوا سکتا، ہماری پارٹی کو اکٹھا نہیں ہونے دیا جارہا۔بانی پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ باجوہ این آر او لینے کیلئے میرے پیچھے پڑا ہوا تھا اور جب انکار کردیا تو انتقامی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں