لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 سے الیکشن سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی بہن فلک جاوید نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے صنم جاوید کے الیکشن سے دستبردار ہونے کے فیصلے کی تصدیق کر دی ہے ۔ وہ این اے 119 سے ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف الیکشن لڑ رہی تھیں لیکن کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے اپنے دوسرے امیدوار شہزاد فاروق کو ٹکٹ جاری کر دیا لیکن بعدازاں انہیں سپریم کورٹ نے الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی تھی ۔ عدالتی فیصلے کے بعد اب صنم جاوید نے پی ٹی آئی رہنما شہزاد فاروق کے حق میں دستبرداری کا فیصلہ کر لیاہے ، ان کی جگہ مریم نواز کا مقابلہ اب شہزاد فاروق سے ہوگا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید کی انسداد دہشتگردی عدالت نے صنم جاوید کی مسلم لیگ ن ہاوس میں حملے کے کیس میں درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا لیکن انہیں کچھ ہی دیر میں ایک اور کیس میں گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس نے لاہور کے علاقے شادمان میں درج دہشتگردی کے مقدمہ میں ان کی گرفتاری ڈال دی ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں