ملتان (پی این آئی) عام انتخابات کیلئے جوڑ توڑ کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا، ملتان میں پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی بڑی وکٹ گرا دی ہے۔
ملتان کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 213 سے مسلم لیگ ن کے سابق ٹکٹ ہولڈر ملک عامر بپی نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا ،سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں شمولیتی تقریب کے انعقاد کے موقع پر اعلان کیا گیا ،تقریب میں سابق صوبائی وزیر سید علی حیدر گیلانی بھی شریک ہوئے۔دوسری جانب میرپورخاص سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ممتاز شاہ پیپلز پارٹی کےحق میں دستبردار ہوگئے۔ ممتاز شاہ پی ٹی آئی سندھ کے سینئر نائب صدر بھی تھے، انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور سے ملاقات کے بعد غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا۔ ممتاز شاہ کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے، تحریک انصاف کی پالیسیوں پر اختلاف اور تحفظات تھے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے جو ہدایات ملیں گی اس کے تحت کام کروں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں