تحریک انصاف نے کارکنوں کیلئے اہم ہدایت جاری کر دی

اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف نے اپنے امیدواروں اور کارکنوں کو انتخابی مہم کے لیے آج سے سڑکوں پر نکلنے کی ہدایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے پارٹی کے حامیوں، کارکنوں اور ٹکٹ ہولڈرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز کرنے کے لیے ہر حلقے میں عوامی اجتماعات منعقد کریں، اس حوالے سے اپنے ایک پیغام بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک بھر میں پاور شو منعقد کرنے کی ہدایات بانی چیئرمین عمران خان کی طرف سے آئی ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ انتخابات کے لیے پرامن مہم ہر شہری کا قانونی اور آئینی حق ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ٹی آئی کو عوامی حمایت کو متحرک کرنے اور اس کا پیغام عوام تک پہنچانے کا مساوی موقع دینے کا پابند ہے، پی ٹی آئی کے چیئرمین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہر حلقے کے امیدواروں کو چاہیئے کہ وہ اپنے انتخابی نشان کی تشہیر کریں تاکہ لوگ جان سکیں کہ ووٹ کس کو دینا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اتوار سے ملک بھر میں باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے، ترجمان پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم اور امیدواران اتوار کو ملک بھر خصوصاً پنجاب میں اپنی باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف کی قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار اپنی پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے، قوم اڈیالہ جیل میں بےگناہ قید اپنے لیڈر اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close