مریم نواز کو بڑے چیلنج کا سامنا، خبردار کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) مریم نواز کو بڑے چیلنج کا سامنا، خبردار کر دیا گیا۔۔۔۔۔۔۔لاہور کے تین حلقوں این اے 119، این اے 120 اورپی پی 150 سے حصہ لینے والی پی ٹی آئی کی امیدوار صنم جاوید کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو بتا دو میں میدان میں آ گئی ہوں انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع صنم جاوید نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری انتخابی مہم میری فیملی چلائے گی، مریم نواز کا مقابلہ میرے لئے عوام کرے گی۔مریم نواز نے ہمیشہ ویڈیو ریکارڈنگ کی سیاست کی ہے، جب ان پر برا وقت آتا ہے تو وہ باہر بھاگ جاتی ہیں۔

ہم اور ہمارا لیڈر اپنے ملک میں رہ کر عوام کی خاطر جیلوں میں سزا کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے شوگر ملز نہیں بنائی نہ کوئی کرپشن کی، غریب عوام کی فلاح کیلئے کام کیا، ہم نے یونیورسٹیاں بنائیں، عوام آج بھی صحت کارڈز کو نہیں بھولے، صحت کارڈ ہمارے لیڈر کے دور اقتدار کی کارکردگی تھی۔قبل ازیں انسداد دہشتگردی عدالت میں صنم جاوید کی مسلم لیگ (ن) آفس جلانے کے کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت کیس کی سماعت ہوئی ،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ نے کیس کی سماعت کی اورصنم جاوید کی ضمانت پر فیصلہ سنانے کیلئے آئندہ سماعت 29 جنوری تک ملتوی کر دی۔ صنم جاوید کی مسلم لیگ ن آفس جلانے کے کیس میں بعد از گرفتاری ضمانت پر کارروائی مکمل ہو گئی ہے جس کے بعد عدالت درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر عبد الجبار ڈوگر نے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کی اور کہا نو مئی کے مقدمات عام گامے ساجھے کیسز نہیں نو مئی کو ریاست پر منظم حملہ ہوا ملک بھرمیں نو مئی کی 1300 ایف آئی آرز درج ہیں۔ ملزمہ صنم جاوید نے عوام کو جلاو گھیراو پر اکسایا۔ ملزمہ نے خود بھی پٹرول بم پھینکے۔ مقدمہ کا چالان بھی جمع ہو چکا ہے کیس کا کچھ دن میں فیصلہ ہو جائے گا جبکہ صنم جاوید کی جانب سے شکیل پاشا ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملزمہ صنم جاوید کو چھ ماہ بعد اس مقدمہ میں ملوث کیا گیا۔واضح رہے کہ صنم جاوید کے خلاف تھانہ ماڈل ٹاون میں مقدمہ درج ہے۔ صنم جاوید مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے مقدمہ میں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close