ن لیگ یا پی ٹی آئی، نفرت تقسیم کی سیاست پورے ملک پر کس نے مسلط کی؟

پشاور(پی این آئی)ن لیگ یا پی ٹی آئی، نفرت تقسیم کی سیاست پورے ملک پر کس نے مسلط کی؟چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے نفرت اور تقسیم کی سیاست پورے ملک پر مسلط کی ہے، سیاسی اختلافات ذاتی دشمنی میں تبدیل ہوگئے ہیں، اس کا نقصان معیشت اور نسلوں کو ہورہا ہے، پرانے سیاستدان ہمیں 90ء کی دہائی میں واپس دھکیلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے پشاور میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن نزدیک آرہے ہیں موسم بھی اچھا ہے،

ان کا کیا ہوگا جو سردی کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑنا چاہ رہے تھے، پتا نہیں ان کا کیا ہوگا؟ چاہ ضمنی الیکشن ہوں، نومبر کا الیکشن ہو، وہ ڈر کے مارے بھاگتے رہے۔لیکن جیالوں کی جدوجہد کی وجہ سے آج سب کو الیکشن لڑنا پڑرہا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اس لئے انتخابی مہم نہیں چلاسکے کہ ان پر دہشتگردی کی دھمکیاں ہیں، سکیورٹی تھریٹس ہیں، میں پوچھتا ہوں یہ جو پیپلزپارٹی ملک کے کونے کونے میں بھاگ رہے ہیں کیا ان کو سکیورٹی تھریٹ نہیں ہے؟ فرق صرف اتنا ہے کہ ہم ڈرنے اور گھبرانے ،بھاگنے والے نہیں، ہم تو شہید ذوالفقار بھٹو، شہید بی بی کے جیالے ہیں ،یہ سر کٹ تو سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا۔ہم اپنے ملک کو بچانے کیلئے ، عوام کو مشکل سے نکالنے کیلئے الیکشن لڑ رہے ہیں، ہمارا مئوقف یہ ہے کہ ملک خطرے میں ہے، ایک طرف ایسا معاشی بحران ہے جو تاریخی معاشی بحران ہے، ہم نے تاریخ میں ایسے حالات نہیں دیکھے، مہنگائی ، غربت اور بے روزگاری میں جس تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کی تاریخ میں ایسے حالات نہیں رہے۔ ایک طرف معاشی بحران ہے، دوسری طرف دہشتگرد جن کو کے پی نے شکست دلوائی تھی، یہاں کے عوام نے وہ کام کیا جو پوری دنیا کی فوج نہ کرسکی، میرے ملک کے سپاہیوں، شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے ہم نے دہشتگردوں کو شکست دی، آج وہ کیوں پھر سر اٹھا رہے ہیں؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی نے جو نفرت اور تقسیم کی سیاست پورے ملک پر مسلط کی ہے اُس نفرت اور تقسیم کی سیاست کی وجہ سے پورے معاشرے میں بحران پیدا ہوگیا ہے ایک پاکستانی بھائی دوسرے پاکستانی بھائی سے لڑ رہا ہے۔یہ سیاست نہیں رہا، بلکہ سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کردیا ہے، اس کا نقصان معیشت اور نسلوں کو ہورہا ہے، پرانے سیاستدان ہمیں 90ء کی دہائی میں واپس دھکیلنا چاہتے ہیں، میں طاقتور ملک اس لئے بنانا چاہتا ہوں کہ شہریوں کو تحفظ ملے، حقوق ملیں، ہم نے الیکشن اپنے منشور پر لڑنا ہے، اپنے ہاتھوں سے منشور لکھا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں یونیورسٹیز اور انکے کیمپس کا قیام ممکن بنایا جائے گا اس کے علاوہ ایسے اسپتال قائم کیئے جائیں گے جہاں بغیر کسی کارڈ کے ذریعے دل، جگر، گردے اور کینسر کا علاج سو فیصد مفت فراہم کیا جائے گا۔یہ سہولت سندھ میں موجود ہے پر اب ہم پورے ملک تک اسے پہنچائیں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو اپنے منشور پر الیکشن لڑ رہی ہے، دوسرے کہتے ہیں کہ وہ واحد جماعت ہیں جو اپنی کارکردگی پر الیکشن لڑرہے ہیں اصل میں وہ اپنی نہیں ہماری کارکردگی پر الیکشن لڑرہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close