پی ٹی آئی نے ایک اور سینئر رہنما کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

کراچی(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بٹھو زرداری کے حق میں الیکشن سے دستبردار ہونے پر اپنے امیدوار سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس بھجوا دیا۔

سینیٹر سیف اللہ ابڑو قومی اسمبلی کے حلقہ 194میں بلاول بھٹو زرداری کے خلاف پی ٹی آئی کے امیدوار تھے۔ پی ٹی آئی کی طرف سے سینیٹر سیف اللہ ابڑو سے بلاول بھٹو زرداری کے حق میں دستبردار ہونے پر تین دن میں تحریری جواب طلب کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیاہے کہ پارٹی نے آپ کو سینیٹ اور عام انتخابات کے لیے ٹکٹ دیا لیکن آپ نے پارٹی کی پالیسی سے انحراف کیا۔ کیوں نہ آپ کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے؟دوسری طرف سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے پارٹی کی طرف سے ملنے والے شوکاز نوٹس کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”میں نے پارٹی کے ضابطہ اخلاق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی چنانچہ میں شوکاز نوٹس کو مسترد کر تا ہوں۔“

اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ ”میں این اے 194سے پی ڈی ایم مخالف اتحادکی حمایت میں ایک مضبوط امیدوار کے حق میں دستبردار ہوا ہوں جو اب صرف پیپلزپارٹی ہے۔ اس حلقے سے پی ڈی ایم کے امیدوار راشد سومرو بھی میدان میں ہیں۔“

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close