ایسا معاشی انقلاب لائیں گے کہ ہر پاکستانی کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، بلاول بھٹو

پشاور ( پی این آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت تاریخی معاشی بحران ہے، ملک میں ایک طرف معاشی بحران دوسری طرف دہشت گردی کا خطرہ ہے، ایسا معاشی انقلاب لائیں گے کہ ہر پاکستانی کی آمدنی میں اضافہ ہوگا۔

الیکشن مہم کے سلسلے میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پشاور میں جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن نزدیک آرہے ہیں اور موسم بھی پشاور کا بہت اچھا ہے، پتہ نہیں ان کا کیا ہوگا جو سردی کی وجہ سے الیکشن نہیں لڑنا چاہ رہے تھے، پتہ نہیں ان کا کیا ہوگا جو چاہے ضمنی الیکشن ہو، چاہے نومبر کا الیکشن ہو وہ ڈر کے مارے بھاگتے رہے، وہ تو کہتے ہیں وہ اس لیے الیکشن کمپئین نہیں چلا سکے، وہ اس لیےنہیں نکل رہے کہ ان کو دہشت گردی کی دھمکیاں ہیں سیکیورٹی تھریٹس ہیں مگر میرے جیالوں کی ہمت کی وجہ سے آج ان سب کو الیکشن لڑنا پڑ رہا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پرانے سیاستدان ملک کو نوے کی دہائی کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، میں ملک کو 2024 کی سیاست کی طرف لے کر جا رہا ہوں، اس وقت معاشرہ تقسیم کا شکار ہے بھائی بھائی سے لڑ رہا ہے، معاشرے میں تقسیم کی وجہ سے نقصان پاکستان کا ہو رہا ہے، ماضی میں ہم نے دہشت گردوں کو شکست دی لیکن دہشت گرد آج پھر سر اٹھا رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت بنے گی تو ملک میں کوئی کچی آبادی نہیں رہے گی، ہم تمام کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے، ملک میں غریبوں کے لئے 30 لاکھ گھر بنا کر دیں گے، سولر کا استعمال کرتے ہوئے غریبوں کو 300 یونٹ مفت بجلی دیں گے، کسانوں کو کسان کارڈ دیں گے ،ان کی فصلوں کی انشورنس کی جائے گی۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے سب کو جیلوں میں ڈالوں گا آج خود جیل میں ہے، جو قائد عوام کی بیٹی پر ظلم کرتے تھے ان کو اپنی بیٹی کو گرفتار ہوتے دیکھنا پڑا، ہم بانی پی ٹی آئی کو سمجھاتے رہے اگر گرفتار کرنا ہے تو مردوں کو کرو عورتوں کو نہیں، ہم بانی پی ٹی آئی کو کہتے رہے کہ نفرت کی سیاست نہ کرو، بانی پی ٹی آئی نے سرپرائز کہہ کر اپنی ہی حکومت کو ختم کیا ،آپ کو سرپرائز اب کیسا لگ رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں