نارووال(پی این آئی) دھاندلی کا پروگرام ، تہلکہ خیز انکشاف۔۔۔۔۔۔۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے باغی رہنماءدانیال عزیز نے الیکشن میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوسٹل بیلٹ کے ذریعے انتخابات میں دھاندلی کا پروگرام بنایا گیا ہے۔ ضلع نارووال میں محکمہ تعلیم کے اساتذہ، ملازمین کی تعداد 20 ہزار ہے ان سمیت دیگر سرکاری اداروں کے ملازمین سے زبردستی شناختی کارڈ مانگے جارہے ہیں۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس دھاندلی کو روکنے کیلئے الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کو درخواست دے رہے ہیں۔
ناجائز اختیارات استعمال کر کے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے دھاندلی کی تیاری کی جا رہی ہے۔ دانیال عزیز کا مزید کہنا تھاکہ میرے حلقہ این اے 75 میں سرکاری ملازمین سے زبردستی شناختی کارڈ لئے گئے ہیں، قانوناً صرف الیکشن ڈے پر ڈیوٹی کرنے والوں سے شناختی کارڈ مانگا جا سکتا ہے، دیگرسرکاری ملازمین کو پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ ڈالنے کا حکم نہیں دیا جا سکتا۔ہم نے ٹیچرز ایسوسی ایشنز سے رابطہ کیا ہے اورمیڈیا کو بھی اس معاملے بارے آگاہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی درخواست دی لیکن ہماری درخواست پر اب تک الیکشن کمیشن نے کوئی اقدام نہیں کیا ہے۔ ہم انتظار میں ہیں کہ ملک میں آزادانہ انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ احمد اقبال پر فائرنگ کا خود ساختہ واقعہ بنایا گیا ہے جسے کوئی بھی ماننے کوتیار نہیں ہے۔
الیکشن لڑنا آئینی حق ہے اگر عوام کی رائے ہی نہیں لینی تو پھر ایسے الیکشن کا کیا فائدہ ۔ الیکشن کیوں کروائے جا رہے ہیں جس میں عوام کی رائے کو اہمیت ہی نہیں دی جارہی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں احسن اقبال سے پوچھ پوچھ کر تھک گیا ہوں کہ وہ عوام کو بتائیں کہ ان کے دورحکومت میں مہنگائی کیسے ہوئی لیکن احسن اقبال نے میری باتوں کا اب تک جواب نہیں دیاہے ۔ میں مہنگائی کیخلاف آواز بلند کرتارہوںگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں