پی ٹی آئی اُمیدواروں کو اکثریت ملی تو وزیراعظم کون ہوگا؟ بیرسٹر گوہر خان کا بڑا اعلان

بونیر ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں اکثریت ملی تو وزیراعظم کا انتخاب بانی پی ٹی آئی کریں گے۔

عدالت میں درخواست دے کر بلے کا نشان دوبارہ حاصل کریں گے،امیدواروں کو قرآن پر حلف لینے کی ہدایات نہیں دی گئیں۔ انہوں نے بونیرمیں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں کو ہر مقام پر تنگ کیا جارہا ہے، اب سیز فائر ہونا چاہیے جھگڑا ختم کریں، درخواست ہے کہ 8 فروری کو عوام کا راستہ نہ روکا جائے، عوام کا حق رائے دہی استعمال کرنے دیں۔اکثریت ملی تو وزیراعظم کا انتخاب بانی پی ٹی آئی کریں گے،امیدواروں کو قرآن پر حلف لینے کی ہدایات جاری نہیں کی گئیں۔ گوہر خان نے کہا کہ ہم نے ہمارا انتخابی نشان بلا چھین لیا گیا، جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی پر انٹراپارٹی الیکشن سے متعلق کوئی اعتراض نہیں کیا گیا، عدالت میں درخواست دے کر بلے کا نشان دوبارہ حاصل کریں گے۔بیرسٹرگوہر علی خان نے کہا کہ نوازشریف 8فروری کو لندن جانے کیلئے فلائٹ کا بندوبست کریں،8فروری کو ملک میں الیکشن ہوں گے اور 10فروری کو لندن واپس جائیں گے عوام ان کو واپس بھیج دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی تربیت خریدوفروخت کیلئے کی گئی ہے، لیکن اس کو ناکام بنائیں گے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ ایکس پر جاری نوٹس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو کو مخاطب کیا گیا کہ آپ کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر آپ کو پارٹی لیڈرشپ کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری کیاجاتا ہے، آپ این اے 194کی نشست پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی حمایت میں الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئے ہیں ، جبکہ آپ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب ہوئے، اب پی ٹی آئی نے آپ کو عام انتخابات 2024میں حصہ لینے کیلئے ٹکٹ جاری کیا، لیکن آپ الیکشن لڑنے سے دستبردار ہوگئے، جو کہ پارٹی قواعدوضوابط کی خلاف ورزی ہے۔آپ کو تین دنوں میں تحریری جواب دینے کیلئے نوٹس جاری کیا گیا ہے، تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں آپ کے خلاف پارٹی پالیسی کے مطابق مزید کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں