اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے بانی کارکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کی کمان سنبھالنے کی کوششیں شروع کر دیں۔ اکبر ایس بابر آج ورکرز کنونشن کا انعقاد کریں گے۔کنونشن میں پی ٹی آئی کی کمان ورکرز کو سونپنے کی قرارداد منظور کی جائے گی۔
منظور شدہ قرارداد الیکشن کمیشن میں بھی جمع کرائی جائے گی۔پاکستان تحریک انصاف نے اکبر ایس بابر کی پھرتیوں کو سرپرستوں کے اوسان خطا ہونے کی واضح دلیل قرار دے دیا۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا کارکن ہی نہیں اب تو الحمد للہ پوری قوم باشعور ہے، ٹاؤٹ گردی کے ذریعے جماعتوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی ناکام کوششیں شکست خوردہ ذہنیت کی علامت ہیں۔ پہلے اس ٹاؤٹ کو ”بلّے“ کا انتخابی نشان ہتھیانے کیلئے استعمال کرنے والے اب نئی سازشیں گھڑ رہے ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم عمران خان کو اپنا انتخابی نشان بنا کر پوری ہمّت، حوصلے اور استقامت سے ٹاؤٹوں اور ان کے سرپرستوں کی ووٹ کے ذریعے خبر گیری کیلئے تیار اور بضد ہے۔ایک ٹاؤٹ ہے جس کا واحد استعمال پارٹی میں انتشار کا فروغ ہے۔
وہ خود کو دھوکہ دینے کے علاوہ منصوبہ سازوں کے کسی کام نہیں آسکتا، اس ٹاؤٹ کا پاکستان تحریک انصاف کی اساس اور نظریے سے کوئی تعلق ہے اور نہ ہی وہ تحریک انصاف کا حصہ ہے۔ اس مخبوط الحواس ٹاؤٹ کو 2013 میں پارٹی سے الگ کرکے باضابطہ طریقۂ کار کے تحت اس کی بنیادی رکنیت ختم کر دی گئی تھی، سازشی عناصر کا آلہ کار بننے والے اکبر ایس بابر جیسا مفاد پرست شخص کسی بھی سیاسی جماعت کا رکن بننے کے قابل نہیں ہے، یہ شخص ہمیشہ ذاتی مفاد کی خاطر غیرجمہوری قوتوں کے ہاتھوں استعمال ہوتا آیا ہے اور اس کا مقصدِ حیات ہی آئین اور جمہوریت کے خلاف سازشوں کیلئے استعمال ہونا ہے، تحریک انصاف کے حوالے سے اس شخص کے کسی بھی اقدام کی کوئی قانونی حیثیت ہو گی اور نہ ہی پارٹی اور قوم اسے قبول کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں