ن لیگ کو الیکشن سے پہلے بڑی کامیابی مل گئی

لاہور(پی این آئی) جہلم اور سرگودھا میں ن لیگ کو بڑی کامیابی مل گئی ، دونوں علاقوں میں مخالف دھڑوں میں صلح، پارٹی امیدواروں کے حق میں دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ۔

 

 

 

راجہ مطلوب مہدی اور راجہ طالب مہدی ن لیگ جہلم سے نامزد امیدوار چوہدری فرخ الطاف کے حق میں دستبردار ہوگئے اور انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے ملاقات میں اپنے فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا۔اسی طر ح سرگودھا میں حامد حمید بھی مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر لیاقت کے حق میں دستبردار ہوگئے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے پارٹی نظم وضبط کی پاسداری اور ایک مقصد کیلئے تمام رہنماؤں کے جذبے کو سراہا۔ شہباز شریف نے کہا کہ مجھے آپ پر فخر ہے، آپ نے پارٹی اور قیادت کو عزت دی میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 

 

 

ہم سب نے متحد ہوکر پاکستان کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانی ہے۔ پاکستان کی معاشی بحالی اور خودانحصاری اصل چیلنج ہیں۔ ہم نے مل کر مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کے مسائل سے لڑنا ہے۔ اس موقع پرپارٹی رہنماؤں نے قیادت کے اعتماد اور حوصلہ افزائی پر شکریہ ادا کیا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن نے انتخابات سے قبل حلقوں کی سطح پر پارٹی میں اختلافات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے او ر اس سلسلے میں مختلف حلقوں میں اختلافات کے خاتمے کیلئے 10 خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔راولپنڈی اسلام آباد ڈویڑن کیلئے حافظ حفیظ الرحمان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، ملک تنویر پر مبنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ لاہور ڈویژن کے پارٹی تنازعات پر قائم کمیٹی میں سینیٹر اسحاق ڈار اور سینیٹر اعظم نذیر تارڑ شامل ہیں۔ کمیٹیاں متعلقہ حلقوں کے پارٹی امیدواران سے ملاقاتیں کریں گی۔ تنازعات کے حل کیلئے کمیٹیاں مختلف حلقوں کے دورے کریں گی۔کمیٹیاں حلقوں میں لیگی امیدواروں کے مقابلے میں الیکشن لڑنے والے پارٹی کے ہی آزاد امیدواروں سے متعلق رپورٹ مرتب کریں گی۔

 

 

 

پارٹی میں جاری اختلافات اورتنازعات کے حل کیلئے راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ساہیوال اور فیصل آباد کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور لاہور کے لیے بھی تنازعات کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ کمیٹیاں متعلقہ حلقوں میں پارٹی پوزیشن کے بارے میں معلومات جمع کریں گی۔ مقامی سطح پر موجود کسی بھی تنازعے یا اختلاف کے فوری خاتمے کیلئے کام کریں گی ۔ پارٹی کے کسی رہنما کے بطور آزاد امیدوار انتخابات لڑنے پر اختلافات ختم کریں گی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں