نوشہرہ( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے سربراہ پرویزخٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو خیبرپختونخواہ میں بڑی جماعت بھی میں نے بنایا، صفایا بھی میں کروں گا،شیر ، تیراور کتاب والوں کو خیبر پختونخواہ میں حکومت بنانے کا کوئی حق نہیں۔
انہوں نے نوشہرہ میں ورکرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کو خیبر پختونخواہ کی بڑی جماعت بنانے میں سب سے زیادہ کوشش میری تھی، خیبرپختونخواہ سے پی ٹی آئی کا صفایا کروں گا، بانی پی ٹی آئی تکبرانہ انداز میں کہتے تھے کسی کے جانے سے فرق نہیں پڑتا، انتخابات کے دن ثابت کروں گا کہ میرے جانے سے کتنا فرق پڑا۔انہوں نے کہا کہ شیر ، تیراور کتاب والوں کو خیبرپختونخواہ میں حکومت بنانے کا کوئی حق نہیں، فضل الرحمان، نوازشریف اور زرداری نے اس صوبے کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی اتوار کو ملک بھر میں باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کردیا ہے، ایکس پر ترجمان پی ٹی آئی کے جاری بیان کے مطابق انتخابات سے قبل کھلے عام عوام میں جانے اور باہر نکل کر انتخابی مہم چلانے کے معاملے پر ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تنظیم اور امیدواران اتوار کو ملک بھر خصوصاً پنجاب میں اپنی باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، بانی چیئرمین کی ہدایات کی روشنی میں تحریک انصاف کی قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدوار اپنی پرامن سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے، قوم اڈیالہ جیل میں بےگناہ قید اپنے لیڈر اور تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں