پی ٹی آئی کے آزاد اُمیدوار الیکشن جیت کر پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں یا نہیں؟ ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی

لاہور(پی این آئی )پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیابی کے بعد بھی پارٹی میں شمولیت اختیار نہیں کر سکیں گے بلکہ الیکشن رولز2014 کی شق 94 کے مطابق انہیں تین روز میں ایسی جماعت میں شرکت کرنا ہو گی جسے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان جاری ہوا ہو۔

تحریک انصاف کے سابق وزیر تیمور سلیم جھگڑا نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ رولز کے حوالے سے علم ہے لیکن متبادل آپشنز پر غور کررہے ہیں۔انٹرا پارٹی الیکشن پارٹی آئین کے مطابق نہ کرنے پر تحریک انصاف سے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف انتخابی دوڑ سے باہر ہوگئی۔ تحریک انصاف کے امیدوار آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے ایک اعلیٰ افسر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ الیکشن رولز کے مطابق آزاد امیدوار اسی سیاسی جماعت میں شمولیت کرے گا جسے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان جاری کیا گیا ہو اور تحریک انصاف کو انتخابی نشان جاری نہیں کیا گیا۔اس حوالے سے الیکشن کمیشن سے بھی رابطے کی کوشش کی گئی ان کی جانب سے رابطہ کرنے پر کوئی جواب نہیں مل سکا۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے جیت کی صورت میں تحریک انصاف میں شامل کے حلف بھی اٹھا رکھے ہیں۔اس حوالے سے سابق صوبائی وزیر اور آزاد امیدوار تیمور سلیم جھگڑا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ جو آئین کہتا ہے اور رولز میں ہے اس کے خلاف ہم نہیں جا سکتے۔پارٹی کے علم میں یہ بات ہے اور ہم مختلف آپشنز پر غور کررہے ہیں۔ ہم عدالت سے بھی رجوع کرسکتے ہیں اور تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن پر غور کررہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں