سرگودھا(پی این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ میرے لیے حرام ہوگا کہ میری حکومت میں کوئی سیاسی قیدی ہو۔سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ میں یہ کر ہی نہیں سکتا کہ مخالفین کی بہنوں اور بیٹیوں کو جیل میں ڈالوں، لوگ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں اب مقابلہ شیر اور تیر میں ہے، اب مقابلہ پیپلز پارٹی اور ضیاء الحق مرحوم کی مسلم لیگ کے درمیان ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی، یہ شیر والے اپوزیشن میں بیٹھیں گے، سیاسی انتقام دیگر سیاستدانوں کو کھیلنے دیں ہم عوام کی خدمت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ غریبوں کو بے نظیر مزدور کارڈ دیں گے، عوام کو ووٹ کا حق ذوالفقار بھٹو نے دلوایا تھا، نوجوانوں کو سمجھائیں کہ وہ اپنا ووٹ ضائع نہ کریں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کیا آپ اس شخص کو ووٹ دے کر ضائع کرنا چاہتے ہیں جو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بننا چاہتا ہے؟ کیا آپ اسی شخص کو چوتھی مرتبہ مسلط کرنا چاہتے ہیں؟بلاول بھٹو نے کہا کہ سندھ کے ہر ضلع میں مفت علاج کا ادارہ قائم کیا، پنجاب کے سیاستدان بیمار ہوتے ہیں تو علاج کے لیے لندن جاتے ہیں، یہ سیاستدان اپنے علاج کے لیے اسپتال نہیں بنا سکے تو عوام کے لیے کیا بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ان کے لیے رائیونڈ میں بھی دل کے مفت علاج کا اسپتال بنائیں گے، پرانے سیاستدانوں جیسے وعدے نہیں کر رہا، کیا پاکستان کی قسمت میں لکھا ہوا ہے کہ آپس میں لڑتے رہیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ پاگل پن ہوتا ہے کہ آپ وہی چیز کریں اور چاہیں کہ نتیجہ نیا ہو، میرا اعتماد پاکستان کے عوام پر ہے، مجھے سکھایا گیا ہے کہ طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہمارا جمہوری رویہ ہے ہمیں موقع دیں پرانی سیاست کو دفن کریں گے، بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہےانہوں نے مزید کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں تو آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، میرے والد پر جیل میں تشدد کیا گیا زبان کاٹی گئی، جو ہمارے ساتھ ہوا ہے ایسا ظلم کسی اور کے ساتھ نہ ہو۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں