لاہور(پی این آئی)ن لیگ ایک بار پھر پی پی کے نشانے پر۔۔۔۔۔۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی جانب موڑتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف بیک ڈور سے چوتھی بار وزیراعظم بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔غیر ملکی خبر ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا آج کیے گئے فیصلوں کے اثرات پاکستان کے نوجوانوں کو بھگتنا پڑیں گے، میرے خیال میں یہ بہتر ہو گا اگر انہیں یہ فیصلے کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ پاکستان کی 241 ملین کی آبادی کا تقریباً دو تہائی حصہ 30 سال سےکم عمر ہے۔300 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کے حوالے سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا مالیاتی رکاوٹوں کے باوجود پیپلز پارٹی کے پاس عوام کو مفت بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ ہے
ان کا کہنا تھا سماجی تحفظ کے پروگراموں کو فروغ دینےکا ٹھوس منصوبہ بھی ہمارے پاس موجود ہے، ماحولیاتی تبدیلی کے خطرے کے پیش نظر پاکستان کے ترقیاتی ماڈل کی تنظیم نو کی تجویز بھی ہمارے منشور میں شامل ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا انتخابات میں ملکی تاریخ کے سب سے زیادہ آزاد امیدوار حصہ لے رہے ہیں، نواز شریف یہ تاثر دے رہے ہیں کہ وہ وزیراعظم بننےکیلئے عوام کے علاوہ کسی اور چیز پر بھروسہ کر رہے ہیں، نواز شریف بیک ڈور کے ذریعے چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں لیکن ہم ان کا راستہ روکیں گے۔عام انتخابات کی شفافیت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا شفافیت کے سوالات 2024 کے انتخابات پر منڈلا رہے ہیں۔خیال رہے کہ دو روز قبل بھی بلاول بھٹو زرداری نے ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا نواز شریف اگر اقتدار میں آ گئے تو وہ ایسا انتقام لیں گے کہ سب یاد رکھیں گے۔بلاول کے الزام کا جواب دیتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کو اگر معلوم تھا کہ نواز شریف انتقامی سیاست کریں گے تو پھر انہوں نے وزیر خارجہ کا حلف کیوں لیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں