حماد اظہر کی جگہ الیکشن کون لڑے گا؟ بڑا اعلان کر دیا

لاہور( پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء حماد اظہر نے کہا ہے کہ میری جگہ میرے والدمیاں محمد اظہر الیکشن لڑیں گے، ان کا انتخابی نشان وکٹ ہے،جمہوریت، آئین کی بالادستی اور معاشی ترقی کیلئے یہ الیکشن بہت اہم ہے،آئین کہتا حاکمیت عوام کی ہے، بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوں گے۔

انہوں نے ایکس پر اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ موجودہ حلقہ این اے 129 کی عوام نے مجھے 2018 میں قومی اسمبلی کا رکن منتخب کیا تھا،میں نے کوشش کی کہ آپ کے ووٹ کے ساتھ وفا کرسکوں، وزارت اور قومی اسمبلی دونوں جگہوں پروفا کرسکوں۔ میں نے تیسری بار الیکشن میں کھڑا ہوا، لیکن سازش کے تحت میرے کاغذات کو مسترد کردیا گیا، اور مجھے الیکشن میں حصہ نہیں لینے دیا گیا، مجھے عمران خان سے وفاداری کرنے کی سزا دی گئی، جس پارٹی کو ووٹ دیا اس کے ساتھ وفاداری کرنے کی مجھے سزا دی گئی۔ میری جگہ اب میرے والدمیاں محمد اظہر جو کہ گورنرپنجاب، میئرلاہور اور رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں، انہوں نے میری جگہ الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے، ان کا انتخابی نشان وکٹ ہے۔

پچھلے ساڑھے تین سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی، کیا میں عوام کے ووٹ کے ساتھ انصاف کرسکا؟ میں نے بھرپور عوام کی ہر جگہ نمائندگی کی، ہم نے حلقے میں ساڑھے تین ارب کے کام کروائے، صاف پانی، سڑکوں، انڈڑپاسز بنائے، ہم نے شفافیت کے ساتھ عوام کے دیرینہ مسائل حل کرنے کی پوری کوشش کی۔ مجھے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی ذمہ داری دی گئی، میں نے ذمہ داری پوری، بجلی کا وزیر رہا، ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہونے دی ، 16روپے یونٹ پر بجلی چھوڑ کرگئے لیکن آج 55روپے فی یونٹ ہوچکی ہے۔ اسی طرح ریونیو کی ذمہ داری دی گئی، کچھ عرصے کیلئے وزیرخزانہ بھی رہا، معیشت 6فیصد گروتھ پر لے کر گئے، بڑے درجے کی صنعت کو 10فیصد گروتھ پر لے کر گئے، آج دونوں منفی ہیں، کوویڈ کے دوران خدمات سرانجام دینے کا موقع ملا۔

جس طرح پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو کورونا سے نکالا دنیا سراہتی ہے۔ پاکستان کے اندر آکسیجن پروڈکشن کو 3گنا بڑھایا ، اگر نہ بڑھاتے تو تباہی آنی تھی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن بہت اہم ہے، جمہوریت، آئین کی بالادستی اور معاشی ترقی کیلئے الیکشن اہم ہے۔آئین کہتا ہے کہ حاکمیت عوام کے پاس ہے، بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close