ملتان (پی این آئی) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے این اے 149کے الیکشن سے دستبردار ہونے اور عمران خان کی رہائی کی تحریک چلانے کا اعلان کر دیا۔
اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ ریاستی اداروں کے خلاف جب بھی کوئی فرنٹ پر آ کر لڑتا ہے میں اس کا ساتھ دیتا ہوں،2018میں جب نوازشریف کو الیکشن سے باہر رکھا جا رہا تھا تو میں نے نواز شریف کا ساتھ دیا،آج عمران خان کوالیکشن سے باہررکھنے کی کوشش کی جارہی ہے جس پر این اے 149کے الیکشن سے دستبرہوکربانی پی ٹی آئی کاساتھ دینے کا فیصلہ کیاہے ،آج کے بعد میں حلقے میں ووٹ نہیں مانگنے جائوں گا بلکہ عمران خان کی رہائی کیلئے جدوجہد کروں گا۔
مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیوں کو عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنا چاہئے،یہ الیکشن بالکل فری اینڈ فیئر نہیں ہیں جب تک اس میں عمران خان کھل کر الیکشن نہیں لڑتے،میں عمران خان کیلئے جدوجہد اس سے کچھ پانے کیلئے نہیں کر رہا، وہ مجھے کیا دے سکتا ہے وہ تو خود جیل میں ہے، میں اس دھرتی کا بیٹا ہوں،میرے آبائو اجداد ایک ہزار سال سے یہاں ہیں،میں تو اپنی مٹی کا قرض اتار رہا ہوں،میں عمران خان کے اقتدار میں اس کا حصہ نہیں بنوں گا،صرف پورے ملک میں اس کی رہائی کی آواز اٹھائوں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں