دوران ملازمت وفات پانیوالے ملازمین کے ورثا کو ملازمتیں دیدی گئیں

لاہور ( پی این آئی) چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا ہے کہ لیسکو نہ صرف صارف دوست کمپنی ہے بلکہ وہ اپنے20500 سے زائد ملازمین کے حقوق کی پاسداری کے لیے بھی ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ لیسکو کے دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کے لیے بھی ملازمتوں کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنے والدین کی طرح کمپنی کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار دوران ملازمت وفات پانے والے ملازمین کے بچوں کو تقرر نامے دینے کے لیئے منعقد کی گئی ایک تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ایچ آرنعمان غفور، چیف انجینئر ٹی اینڈ جی ظفراقبال اور منیجر ایچ آر ہما چیمہ بھی موجود تھیں۔لیسکو ترجمان کے مطابق مجموعی طور پر20ملازمین کے ورثاء جن میں ملازمت کے تقرر نامے تقسیم کئے گئے۔ ملازمین کے بچوں میں اکاؤنٹ اسسٹنٹ، کمرشل اسسٹنٹ، یو ڈی سی، لائن سپرنٹنڈنٹ گریڈII-، ایس ایس اوII-، ایل ڈی سی، اسسٹنٹ لائن مین اور نائب قاصدکیڈرکے تقرر نامے تقسیم کیے گئے۔اس موقع پرچیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر نے اپنے خطاب میں بھرتی ہونے پر تمام افراد کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ بھی اپنے والدین کی طرح اپنی ڈیوٹی پوری ذمہ داری سے سر انجام دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close