راولپنڈی (پی این آئی)سابق وزیر داخلہ اور سینئر سیاستدان چودھری نثار علی خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ 8 فروری کو ووٹ پر پہرا دیں کیونکہ پچھلی بار ڈکیتی ہوئی تھی۔
چکری کے علاقے میں اپنے حلقہ کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں آکر دیکھو کس طرح چکری والوں نے وفا کی، مجھے کسی پارٹی کے ٹکٹ کی ضرورت بالکل نہیں ہے، لوگ کہتے ہیں آزاد الیکشن لڑنا مشکل ہے۔اگر میں نے کام نہیں کیا تو بے شک کسی اور کو ووٹ دیں، میرے علاقہ میں آج پل بھی ہیں اور بجلی بھی ہے، مخالفین نے ہمارے علاقے کی کوئی خدمت نہیں کی، میرے باپ دادا نے علاقہ کی خدمت کی، اب میرا بیٹا کرے گا۔چودھری نثار نے کہا کہ میرے خلاف کوئی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکتا، 8 فروری کو ووٹ پر پہرا بھی دینا ہے ، پچھلی بار ڈکیتی ہوئی تھی، ہر پولنگ اسٹیشن سے نتیجہ لے کر آنا ہے۔
عزت عہدے سے نہیں لوگوں سے آتی ہے، پاکستان پر مشکل وقت ہے ، اوپر والا ملک کو حفاظت میں رکھے، عوام کی اجازت سے ملک کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔یاد رہے کہ چودھری نثار آزاد حیثیت سے راولپنڈی کے حلقہ این اے 53، این اے 54 اور پی پی 10 سے امیدوار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں