اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے، ن لیگ کے خالی اجتماع نے ثابت کردیا ہے کہ عوام نے ان لاڈلوں کو مسترد کردیا ہے۔
جمعہ کو پنجاب اسمبلی میں بھرتیوں کے کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی لاہور کی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیشی ہوئی۔ چوہدری پرویز الہٰی نے عدالت میں بیان دیا کہ دو بار جیل میں چلتے چلتے گر گئے تھے ، جیل میں ویڈیو لنک کی سہولت موجود ہے۔اس پر عدالت نے کہا کہ آپ کی لیگل ٹیم جو استدعا کرے گی ، عدالت اس پر قانون کے مطابق آرڈر کرے گی۔ جس کے بعد سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ بعد ازاں عدالت میں پیشی کے موقع پر چوہدری پرویز الہی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی جس میں ان کہنا تھا کہ میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہوں مشکل وقت میں کبھی کسی کو نہیں چھوڑا،ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت تحریک انصاف کو انتخابات نہ لڑنے دینا کون سی جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو پی ٹی آئی کے نامزد افراد ہی کامیاب ہوں گے ،بانی پی ٹی آئی کے خوف سے دونوں لاڈلوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں ،ن لیگ کے خالی اجتماع اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام نے انہیں مسترد کردیا ہے۔
چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ ہمیں آزادانہ الیکشن مہم چلانے نہیں دی جارہی ، امیدواروں کے گھروں اور انتخابی دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ آخر کس کو خوش کیا جارہا ہے، ہم سیاسی مقابلے کےلیے تیار ہیں ، الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں