مشکل وقت میں تحریک انصاف نے ن لیگ کی بڑی وکٹ گرادی

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم ن لیگ کے ناراض رہنماء افتخار احمد بھنگو ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے۔

افتخار احمد بھنگو عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر نالاں تھے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق افتخار احمد بھنگونے پی ٹی آئی امیدوار ارشد محمود منڈیا کی حمایت کا اعلان بھی کر دیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال ہونے والے ضمنی انتخابات میں حاجی افتحاراحمد بھنگو مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہو ئے تھے۔واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماءطلال چوہدری بھی پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض ہو گئے تھے اور انہوں نے بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے این اے 96 پر ن لیگ کا ٹکٹ طلال چوہدری کی بجائے پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن نواب شیروسیر کو ٹکٹ جاری کیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے عام انتخابات کے ٹکٹوں کی تقسیم میں دانیال عزیز کو بھی نظر انداز کر دیا گیا تھا جس کے بعد انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔مسلم لیگ ن نے نارووال کے حلقے سے دانیال عزیز جبکہ گجرات سے چودھری جعفر اقبال کوبھی پارٹی کاٹکٹ جاری نہیں کیا تھا۔ ٹکٹ نہ ملنے پردانیال عزیزکا کہنا تھا کہ اس وقت عوام کیلئے سب سے اہم معاملہ مہنگائی کا ہے۔ میں انتخابات میں ضرور حصہ لوں گا کیونکہ میں نے مہنگائی ختم کر کے دکھانی ہے، اگرمجھ سے مہنگائی پر بات کرنے پر یہ سلوک ہوتا ہے تو ٹھیک ہے، میں ہر فورم پربات کرتا رہوں گا اورمیں این اے 75 سے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری اہلیہ بھی آزاد حیثیت سے الیکشن لڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر پارٹی قیادت میں کسی سے بھی بات نہیں کی کیونکہ مجھے بھیک میں پارٹی ٹکٹ نہیں چاہئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں