نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے انتخابات سے متعلق اہم اقدام اُٹھا لیا

اسلام آباد( پی این آئی) ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی۔

اس سلسلے میں نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ انتخابات کے لیے قائم کمیٹی کے سربراہ وزیر مواصلات ہوں گے، انتخابات کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ اور چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز بھی ممبر ہوں گے، انتخابات کمیٹی ملک بھر میں سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کرے گی، ملک میں شفاف انتخابات اور سیکیورٹی کی تمام ذمہ داری انتخابات کمیٹی پر ہوگی۔ گذشتہ روز چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ نے کہاہے کہ عام انتخابات مقررہ تاریخ کو ہونگے اور انتخابات کی سیکورٹی کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کے روز عام انتخابات کی تیاریوں سے متعلق ایک اہم اجلاس سے خطاب کے دوران کیا اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ،سیکرٹری داخلہ،چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیزاور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان سمیت چیف کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ عام انتخابات کے پرامن انعقاد کیے لئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کی کہ وہ عام انتخابات کے پرامن،محفوظ اور کامیاب انعقاد کے لیے بروقت انتظامی و حفاظتی انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ سیاسی جماعتوں، امیدواروں اور ووٹرز کو انتخابات کے حوالے سے ایک سازگار ماحول فراہم کیا جائے جس میں وہ بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں اس موقع پر چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز اور چیف کمشنر اسلام آباد نے اجلاس کو بتایا کہ انتخابات کے پر امن انعقاد اور ہر قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام تر پیش بینی اور تیاری مکمل ہے اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں تاہم پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اجلاس کو بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ سٹیشنوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے اور الیکشن سے قبل اسے ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا جبکہ تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل ہیں اجلاس کو بتایا گیا کہ تمام متعلقہ اداروں کو فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختون خواہ نے اجلاس کو بتایا کہ برف باری سے متاثرہ اضلاع میں الیکشن کے دن تمام سڑکوں اور راستوں کو کھلا رکھنے اور پولنگ سٹیشنوں تک عوام کی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close