جلسے میں ن لیگ کیخلاف نعرے لگانا اورجھنڈا پھاڑنا شہری کومہنگا پڑ گیا

اوکاڑہ (پی این آئی) اوکاڑہ میں مریم نواز کے جلسے میں ن لیگ کیخلاف نعرے لگانے والا نوجوان گرفتار، مخالف نعرے لگانے اور ن لیگ کے جھنڈے پھاڑنے اور جلانے کے الزام میں متعدد افراد کیخلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق 2 روز قبل مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اوکاڑہ سے ن لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز کیا تھا۔انتخابی مہم کے سلسلے میں اوکاڑہ میں منعقدہ جلسے کے دوران کچھ شہریوں کی جانب سے مریم نواز اور ن لیگ کے خلاف نعرے بازی کی گئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی۔ بعد ازاں پولیس نے ن لیگ اور مریم نواز کے خلاف نعرے بازی کرنے والے افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا، ایک نوجوان کو گرفتار بھی کر لیا گیا۔ پولیس نے دعوٰی کیا ہے کہ جن افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا اور جس نوجوان کو گرفتار کیا گیا، وہ مریم نواز کے جلسے کے بعد اسٹیج پر پارٹی پرچم پھاڑنے اور مخالفانہ نعرے لگانے میں ملوث ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ لیگی کارکن عابد کی مدعیت میں 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے۔ جبکہ ملزمان پر ن لیگ کے جھنڈے نذر آتش کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close