اسلام آباد ( پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئرنائب صدر شیر افضل مروت کو تمام سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے وکیل رہنماء شیر افضل مروت کو پارٹی قائد عمران خان کی ہدایت پر صوبہ سندھ میں تمام سرگرمیاں معطل کرنے کا کہا گیا ہے، تحریک انصاف کے بانی چیئرمین نے شیر افضل مروت کو فوری طور پر اسلام آباد طلب کر لیا ہے۔بتاتے چلیں کہ شیر افضل مروت گزشتہ روز اس وقت سے مسلسل خبروں میں ہیں جب پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر نے صوبہ سندھ میں انتخابی مہم ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اس کے دوبارہ آغاز کو عمران خان کی جانب سے معاملات حل کروانے سے مشروط کردیا تھا لیکن بعد ازاں انہوں نے مہم جاری رکھنے اعلان کیا۔
اپنے ایک بیان میں شیرافضل مروت نے پارٹی ترجمان رؤف حسن اور وکیل رہنماء حامد کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ حامد خان اور رؤف حسن جیسے بیمار ذہنیت کے لوگوں کی جانب سے میرے خلاف بیانات کو مدنظررکھتے ہوئے میں سندھ میں اپنی مہم ختم کر رہا ہوں۔سینئر نائب صدر پی ٹی آئی نے پہلے کہا کہ ’عمران خان کی جانب سے تصفیے تک میں کسی ریلی یا جلسے کی قیادت نہیں کروں گا‘ لیکن بعد ازاں تقریباً 3 گھنٹے کے بعد ایک اور پوسٹ میں انہوں نے اپنا یہ اعلان واپس لے لیا اور نئے بیان میں شیرافضل مروت نے کہا تھا کہ کارکنان کی رائے حق پر مبنی ہے اور میں ان کی رائے سے اتفاق کرتے ہوئے سندھ میں تحریک انصاف کی انتخابی مہم جاری رکھوں گا اور اس پر اپنی توجہ مرکوز رکھوں گا، اس کے ساتھ ساتھ میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے گزارش کرتا ہوں کہ تمام شیطانی قوتوں کا اپنے طور پر مقابلہ کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں