حکومت کا سپریم کورٹ کے ججز کیخلاف مہم چلانے والوں کیخلاف بڑا ایکشن

اسلام آباد (پی این آئی) سپریم کورٹ کے معزز جج صاحبان کے خلاف سوشل میڈیا پر منفی مہم چلانے اور پراپیگنڈہ کرنے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرتے ہوئے سخت کارروائی کیلئے6 رکنی جے آئی ٹی تشکیل دیدی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 6 رکنی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق کمیٹی کے سربراہ ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سائبر کرائم ونگ ہوں گے، اس کے علاوہ تحقیقاتی کمیٹی میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے نمائندے اور ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس جے آئی ٹی میں شامل ہوں گے جبکہ پی ٹی اے کا نمائندہ بھی شامل ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی میں شامل آئی بی اور آئی ایس آئی کا نمائندہ گریڈ 20 کا افسر ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی ملزمان کی شناخت کرکے قانون کے کٹہرے میں لائے گی اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سفارشات دے گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے ججوں کے خلاف مذموم مہم چلانے والوں کا پتہ لگائے گی اور مذموم مہم چلانے والوں کو عدالت میں پیش کرکے چالان پیش کرے گی جبکہ عدلیہ مخالف مہم چلانے والوں کے خلاف متعلقہ عدالتوں میں مقدمات چلیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق جے آئی ٹی 15 دن میں ابتدائی رپورٹ وزارت داخلہ کو دے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close