اسلام آباد(پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکریٹری عمر حمید کا استعفی منظور کر لیا گیا۔
الیکشن کمیشن سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن کے سیکریٹری عمر حمیدخان نے صحت کی خرابی کے باعث استعفیٰ دیا تھا، جس سے چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق منظور کرلیا ہے، جس کا فوری اطلاق ہوگا۔عمر حمید کو 9 جولائی 2021 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیکریٹری تعینات کردیا گیا تھا اور 16جنوری 2024 کو استعفے تک عہدے پر براجمان رہے۔خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے استعفے کی خبریں آئی تھیں، جس پر ترجمان الیکشن کمیشن نے وضاحت کی تھی کہ کمیشن کے سیکریٹری عمر حمید کورونا کے باعث رخصت پر ہیں، عمر حمید کی طبیعت کچھ دنوں سے خراب تھی اور اس وقت میڈیکل ریسٹ پر ہیں، جیسے ہی صحت نے اجازت دی تو وہ جلد اپنے فرائض انجام دیں گے۔
ترجمان نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل طور پر فعال ہے اور الیکشن کمیشن کے کسی کام میں رکاوٹ یا رخنہ نہیں ہے، تعطیلات کے دنوں میں بھی الیکشن کمیشن کے دفاتر کام کر رہے ہیں اور سیکریٹری کی غیرموجودگی میں دونوں اسپیشل سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کام احسن طریقے سے چلا رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں