بلے کا انتخابی نشان، شہباز شریف نے بھی بڑی خواہش کا اظہار کر دیا

لاہور(پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ انتخابات میں ہمارے مقابلے میں’ بلا ‘ہوتا، کیا بانی پی ٹی آئی کو ہم نے جیل بھجوایا ہے؟ عمران خان قوم کے ساتھ بددیانتی نہ کرتے تو آج جیل میں نہ ہوتے۔

 

 

 

 

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا بانی پی ٹی آئی کو ہم نے جیل بھجوایا ہے؟ بانی پی ٹی آئی تو اقتدار میں کہتے تھے جیل میں ڈلوادوں گا، اور سڑکوں پر لے کر آؤں گا، بانی پی ٹی آئی نے کھلے عام ہمارے خلاف سرکاری مشینری استعمال کی تھی، نوازشریف کو اس لئے جھوٹے مقدمات میں سزا دی گئی تاکہ الیکشن پر منفی اثرات مرتب ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی قوم کے ساتھ بددیانتی نہ کرتے تو آج جیل میں نہ ہوتے، کاش 9 مئی کا واقعہ نہ ہوتااور بانی پی ٹی آئی اس کو نہ پھیلاتے، تو آج انتخابی مہم میں ہوتے۔ بانی پی ٹی آئی قوم کے ساتھ بددیانتی نہ کرتے تو آج جیل میں نہ ہوتے، نوازشریف کے جھوٹے مقدمات عدالت نے ختم کئے، میری خواہش ہے کہ انتخابات میں ہمارے مقابلے میں بلا ہوتا۔

 

 

 

 

انہوں نے کہا کہ 2021 میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی اور ان کو الیکشن کا انٹراپارٹی کا نوٹس ملا، دنیا نے دیکھا عدالت نے ان سے جو ثبوت مانگا ان کے پاس نہیں تھا، پانامہ نوازشریف کا نام ہی نہیں تھا، کیس پانامہ کا تھا لیکن سزا اقامہ میں سنا دی گئی، ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ جھوٹے الزامات اور بہتان تراشی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ 16ماہ ہم نے پاکستان کے بقاء کی جنگ لڑی اور ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، 2017 میں ثاقب نثار کو سامنے رکھ کر نوازشریف حکومت کا تختہ کس نے الٹا؟آج نوازشریف صرف سیاستدان نہیں بلکہ اسٹیٹس مین ہیں۔

 

 

 

مزید برآں میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت جاتی امراء میں پارٹی کی معاشی ٹیم کا طویل مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں معاشی ٹیم نے ن لیگی قائد کو پارٹی منشور میں معیشت سے متعلق کئے گئے وعدوں پرتفصیلی بریفنگ دی۔ معاشی ٹیم سے مشاورت میں نواز شریف نے آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں خصوصی دلچسپی کا اِظہار کیا۔ نواز شریف نے معاشی ٹیم کو آئی ٹی سیکٹر سے سالانہ 10سے 12 ارب ڈالر کمانے کی منصوبہ بندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معاشی ٹیم ان اہداف پر فوری کام شروع کرے۔ ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کو جدید ترین خطوط پر استوار کیا جائے ۔

 

 

 

نواز شریف نے معاشی ٹیم کو ہدایات دیں کہ وہ آئی ٹی سیکٹر کی ترقی میں حائل ساری رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے جامع پالیسی مرتب کریں۔ نوازشریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملتے ہی ان دو سیکٹرز میں جنگی بنیادوں پر کام کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے ایمرجنسی بنیادوں پرکام کیا جائے گا ۔ معاشی ٹیم نے نواز شریف کو بتایا کہ آئی ٹی سیکٹر میں تھوڑی سی توجہ سے اربوں ڈالرز کا قیمتی ترین زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے ملک میں اب تک فائیو جی ٹیکنالوجی نہ ہونے سے اربوں ڈالرز کا فائدہ حاصل نہیں کر پا رہا۔

 

 

 

معاشی ٹیم نے اپنی بریفنگ میں مزید کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے سالانہ اربوں ڈالر کما رہا ہے۔ آئی ٹی و ٹیلی کام سیکٹر میں نواز شریف کی معلومات پر معاشی ٹیم کو خوشگوار حیرت ہوئی۔ جب کہ اس دوران معاشی ٹیم نے بتایا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز سے نوجوانواں کیلئے فوری طور پر لاکھوں نوکریاں پیدا کی جا سکتی ہیں ۔ نواز شریف نے معاشی ٹیم کو مختلف اہداف دے کر مکمل منصوبہ بندی کی ہدایات جاری کردیں ۔

 

 

 

 

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی لاہور میں سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کا معاشی ماہرین کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا تھا ۔ اجلاس میں شہباز شریف،مریم نواز،اسحاق ڈار سمیت دیگر سینئر لیگی قیادت بھی موجود تھی جس میں ملکی معاشی مسائل کے حل کیلئے اصلاحات اور تجاویز پر غورکیا گیا تھا اور عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے معاشی منصوبے کو حتمی شکل دی گئی تھی۔

 

 

 

ن لیگی ترجمان کے مطابق اجلاس میں توانائی بحران کے خاتمے، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی کے نکات سمیت ٹیکس اصلاحات، زراعت، صنعت اور آئی ٹی کی ترقی کیلئے مراعات پر مبنی پیکج تیارکیا گیا تھا جبکہ روزگار کی فراہمی اور نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے پالیسی اور زراعت کیلئے بھی خصوصی رعایت پر شمسی توانائی میں مراعات کا تعین بھی پیکج میں شامل کیا گیا تھا۔ گھریلو صارفین کو بجلی کی فراہمی میں بڑی مراعات سمیت تعلیم، صحت اور انفرااسٹرکچر کیلئے بڑے منصوبوں کی ترجیحات بھی طے کی گئیں تھیں۔

 

 

 

اجلاس میں مجموعی معاشی سرگرمیوں کو مرحلہ وار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا اور معاشی منصوبہ ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں شرح سود میں کمی، صنعتوں اور برآمدی شعبے کیلئے اصلاحات کے اصول بھی مرتب کئے گئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں