سابق چئیرمین نیب جاوید اقبال کو طلب کر لیا گیا، وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد (پی این آئی)وفاقی ادارہ محتسب برائے انسداد ہراسانی کی چیئرپرسن فوزیہ وقار نے طیبہ گل ہراسانی کیس میں سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

 

 

تفصیلات کےمطابق وفاقی ادارہ محتسب برائے انسداد ہراسانی میں سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال ودیگر کے خلاف طیبہ گل شکایت کی سماعت ہوئی ۔وفاقی ادارہ محتسب برائے انسداد ہراسانی کی چیئرپرسن فوزیہ وقار نےکیس کی سماعت کی۔ وفاقی محتسب کا کہنا تھا کہ دائر کردہ درخواست استثنیٰ میں جاوید اقبال کو 10 روز آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔طیبہ گل کا کہنا تھا کہ آئندہ تاریخ تب رکھیں جب جاوید اقبال صحت یاب ہوجائیں، میرے کیس کے مرکزی ملزم جاوید اقبال اور عمران ڈوگر کو ضرور طلب کریں۔وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ طیبہ گل کی جانب سے ایک جیسا کیس فائل کرنے پر میرا اعتراض لکھ لیا جائے۔

 

 

 

چیئرپرسن فوزیہ وقار کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر لگائےگئے الزامات پر جواب ضرور جمع کرانا ہے،کیس کا فیصلہ وقت پرکرنا ہے۔وفاقی محتسب نے جاوید اقبال اور نیب تفتیشی افسر عمران ڈوگر سمیت 12 ملزمان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں بلالیا، کیس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں