کراچی (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے نائب شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ عارف علوی رانگ نمبر نکلے ہیں،میری ذاتی رائے ہے کہ پارٹی سے اُن کا پتہ صاف ہوگیا ہے۔
انہوں نے معروف صحافی طارق متین کے ساتھ کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب عارف علوی کے بیٹے نے ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا تو میں نے مخالفت کی تھی۔عارف علوی نے اس وقت ہمارے ساتھ دھوکہ کیا جب وہ بہانے سے سعودی عرب گئے جس سے پی ڈی ایم حکومت اور چئیرمین سینیٹ کو متنازع قوانین پاس کرنے کا موقع فراہم کیا۔ نواز شریف کو نااہلی ختم کرنے والا قانون بھی تب پاس کیا گیا،اس دوران مزید متنازع قوانین پاس کیے۔آرمی ایکٹ کے تحت جو سائفر ٹرائل ہو رہے ہیں وہ بھی عارف علوی کی وجہ سے قانون بنا۔ صدر عارف علوی کو آئین کے تحت انتخابات دینے کی تاریخ کا اختیار تھا لیکن انہوں نے خط الیکشن کمیشن کو لکھ دیا۔پارٹی پر اتنا مشکل وقت تھا تو صدر کس کو خوش کر رہے تھے۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ عارف علوی رانگ نمبر نکلے ہیں۔ عمران خان سے عارف علوی کے ایشو پر دو تین بار بات کی اور وہ بھی سمجھتے ہیں کہ عارف علوی نے ہمارے سارتھ زیادتی کی ہے۔
گذشتہ روز شیر افضل مروت نے کراچی میں سی ویو پر جلسہ کیا اور پی ٹی آئی کراچی کی قیادت پر تنقید کی۔ پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان بھی جلسے میں موجود تھے لیکن کراچی کے دیگر رہنما نظر نہ آنے پر شیر افضل کا پارہ ہائی ہوگیا۔ جلسے سے خطاب میں شیر افضل مروت نے کہا کہ کراچی کی کوئی قیادت ریلی میں نظر نہیں آرہی، جتنے ٹکٹ ہولڈر آئے ان کو سلام جو نہیں آئے ان پر لعنت ہو، یہ پارٹی غیرت مند لوگوں کی ہے اگر بے غیرت ہو تو ن لیگ میں جائو۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے عوام باشعور پڑھے لکھے ہیں انھیں سلام پیش کرتا ہوں، آج اس جلسے میں قیادت کم اور ورکر زیادہ ہیں، آج کراچی کے عوام خود گھروں سے نکل کر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ جو نکلیں ہیں وہ غیور ہیں، جنہوں نے مجھے دعوت دی وہ خود نہیں نکلے۔ سندھ میں ٹکٹوں کی تقسیم غلط ہوئی اس کی مذمت کرتا ہوں، یقین دلاتا ہوں جس نے ٹکٹ گھروں میں دئیے ان سے واپس لیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں