لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے جلسہ کے باعث اوکاڑہ میں کل تعلیمی سرگرمیاں معطل کردی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف ارگنائزر مریم نواز شریف کل بروز پیر 15 جنوری کو اوکاڑہ میں جلسے سے خطاب کریں گی، جلسے کے موقع پر مقامی انتظامیہ نے تعلیمی سرگرمیاں معطل رکھنے کا حکم جاری کر دیا، اس ضمن میں ڈی سی اوکاڑہ کی ہدایت پر ڈائریکٹرایجوکیشن ساہیوال نے نوٹی فکیشن جاری کیا۔
بتایا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ نے کوریج کرنے والے صحافیوں کے لیے سکیورٹی پاس حاصل کرنا لازمی قرار دیا ہے، ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ مریم نواز پیر کو دن 12 بجے جلسہ عام سے خطاب کریں گی، مریم نواز کا جلسہ اوکاڑہ کے اقبال سٹیڈیم میں ہوگا، جلسے میں مسلم لیگ ن کے منشور کے اہم نکات کا اعلان کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کی منشور کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان صدیقی نے بتایا ہے کہ ہماری پارٹی کا منشور رواں ماہ کے وسط میں 15 یا 16 جنوری کو پارٹی سربراہ نواز شریف پیش کریں گے، منشور پیش کرنے کے بعد مسلم لیگ ن اپنی ملک گیر انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کرے گی، اس حوالے سے نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ ن کے اہم رہنماؤں کا اجلاس 9 جنوری کو لاہور میں ہوگا جس میں منشور کا مسودہ پیش کیا جائے گا، پارٹی قیادت مسودے کا جائزہ لے گی اور ضرورت پڑنے پر اس میں کچھ تبدیلیاں کرے گی اور پھر مسودہ پرنٹنگ کیلئے بھیجا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کا منشور بڑھتی ہوئی مہنگائی سے نمٹنے، معاشی بحالی، بے روزگاری و غربت کے خاتمے، قومی احتساب کے قوانین میں ترمیم اور بلدیاتی نظام کو بہتر بنانے پر مرکوز ہے، منشور میں اس بات کا بھی تعین کیا جائے گا کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے نگران حکومتیں ضروری ہیں یا الیکشن کمیشن اکیلے ہی یہ ذمہ داری ادا کر سکتا ہے، جیسا کہ پڑوسی ممالک میں طرز عمل رائج ہے، میثاق جمہوریت کے کچھ نکات بھی منشور میں شامل کئے جا سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں